کاشتکارگندم کی بوائی کیلئے بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت رکھنے والی اقسام کاانتخاب کریں،چوہدری خالد محمود

فیصل آباد ۔ 26 اکتوبر (اے پی پی):ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمودنے کہا ہے کہ کاشتکارگندم کی بوائی کیلئے بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت رکھنے والی اقسام کاانتخاب کریں اوران پر مؤثر قابو پانے کیلئے بیج کو بوائی سے پہلے زرعی ماہرین کے مشورہ سے زہر لگائیں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار بوائی سے2 دن پہلے کھادوں کی سفارش کردہ پوری مقدار کھیت میں بکھیرکر 2مرتبہ عام …

فیصل آباد ۔ 26 اکتوبر (اے پی پی):ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمودنے کہا ہے کہ کاشتکارگندم کی بوائی کیلئے بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت رکھنے والی اقسام کاانتخاب کریں اوران پر مؤثر قابو پانے کیلئے بیج کو بوائی سے پہلے زرعی ماہرین کے مشورہ سے زہر لگائیں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار بوائی سے2 دن پہلے کھادوں کی سفارش کردہ پوری مقدار کھیت میں بکھیرکر 2مرتبہ عام ہل چلائیں اور بھاری سہاگہ دیں تاکہ وتر زمین کی اوپر والی تہہ میں آ جائے اور بذریعہ ڈرل گندم کاشت کریں۔

انہوں نے کہاکہ تمام کھاد بیجائی سے پہلے زمین کی تیاری کے وقت ڈالیں کیونکہ اچھی پیداوار کیلئے کھادوں کا مناسب اور متناسب استعمال ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر نائٹروجن اور فاسفورس کا تناسب صحیح رکھا جائے تو پیداوار میں 5سے10 من فی ایکڑ اضافہ ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے گندم کی بھر پور کاشت کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ اہلکاروں کو کسانوں کی مکمل رہنمائی کی ہدائت کی ہے اور کہا ہے کہ تمام زراعت افسران اور فیلڈ اسسٹنٹس گذشتہ سال کی طرح گندم کی کاشت کے رہنما اصولوں سے کاشتکاروں، کسانوں، زمینداروں کو روشناس کروانے کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں اور چونکہ آئندہ ایام گندم کی بوائی میں انتہائی اہمیت کے حامل ہیں لہٰذا اس سلسلہ میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایگریکلچر افسران کو ہدائت کی گئی ہے کہ وہ بیماری سے پاک صحت مند اور تصدیق شدہ بیج زہر لگا کر بذریعہ ڈرل اس کی کاشت پر زور دیں۔ اس کے علاوہ سفارش کردہ اقسام، ان کی مقررہ وقت پر کاشت اور شرح بیج کی جانب بھی کاشتکاروں کی خصوصی توجہ مرکوز کروائیں۔ا نہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے فیصل آبا دڈویژن سمیت صوبہ کے تمام اضلاع کو گندم کی کاشت کا جو ہدف دیا گیا ہے اسے ہر صورت پورا کرنے کی بھی ہدائت کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ گندم کی بھرپور کاشت کے سلسلہ میں محکمہ زراعت کی جانب سے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور وسیع پیمانے پر تشہیری مہم کا بھی آغاز کردیاگیاہے۔ انہوں نے بتایاکہ کسانوں کو زیادہ گندم اگانے کی جانب راغب کرنے کیلئے بھر پور طریقے سے مہم جاری ہے اور کاشتکاروں کو گندم کی بہترین اقسام اور اس کی کاشت کے طریقوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ محکمہ زراعت مقررہ ا ہداف کے حصول کیلئے تما م وسائل بروئے کار لا ئے گا اور ہدف سے بھی بڑھ کر گندم کی کاشت کیلئے جدو جہد کی جائے گی۔