فیصل آباد۔ 27 اکتوبر (اے پی پی):نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت فیصل آباد نے کہا ہے کہ ان کا محکمہ صوبے کے22ہزار دیہاتوں تک زرعی سفارشات پہنچانے کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہا ہے اور کاشتکار نومبر میں گندم کی بوائی کا عمل مکمل کر کے پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کر سکتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ترقی پسند کاشتکار گندم کی 70 سے 80من فی …
صوبے کے 22ہزار دیہاتوں تک زرعی سفارشات پہنچانے کےلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہے ہیں،نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت فیصل آباد
فیصل آباد۔ 27 اکتوبر (اے پی پی):نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت فیصل آباد نے کہا ہے کہ ان کا محکمہ صوبے کے22ہزار دیہاتوں تک زرعی سفارشات پہنچانے کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہا ہے اور کاشتکار نومبر میں گندم کی بوائی کا عمل مکمل کر کے پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کر سکتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ترقی پسند کاشتکار گندم کی 70 سے 80من فی ایکڑ پیداوار حاصل کر رہا ہے جبکہ چھوٹے کاشتکار کئی وجوہات کی بنا پر 35من فی ایکڑ پیداوار حاصل کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جدید زرعی علوم کو استعمال کرتے ہوئے اناج میں خود کفالت کے چیلنجز سے نبرد آزما ہوا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تصدیق شدہ بیج کا استعمال،زمین کی تیاری سمیت مختلف زرعی سفارشات سے کاشتکاروں کی رہنمائی کر کے زرعی ترقی کے اہداف حاصل کئے جا سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ زراعت توسیع کی جانب سے شروع کی جانے والی گندم بڑھاؤ مہم کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جومختلف اضلاع کے دیہاتوں میں کاشتکاروں کی دہلیزپر گندم کی زیادہ پیداوار کی حامل اقسام،زمین کی تیاری، کھادوں کے متناسب استعمال،آبپاشی،جڑی بوٹیوں کا تدارک، کٹائی کا جدید طریقہ و دیگرمراحل کے بارے آگاہ کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں غذائی استحکام اور زرعی ترقی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کےلئے کسانوں کی دہلیز تک اپنا دائرہ کار بڑھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ زرعی جامعات کے ساتھ گندم بڑھاؤ مہم ایک سنگ میل ثابت ہوگی جو فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے ساتھ ساتھ غذائی خود کفالت کا خواب پورا کرنے میں اپنا بھر پور کردار اد اکرے گی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت موسمی تبدیلی اور گلوبل وارمنگ کے ساتھ ساتھ سیم اور تھور کے مسائل کے تناظر میں کاشتکاروں کے لئے جدید ٹیکنالوجی بروئے کار لانے پر بھر پور توجہ دے رہا ہے ۔









