محکمہ آبپاشی کو فعال، شفاف اور عوام دوست ادارہ بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، ریاض خان

پشاور۔ 04 نومبر (اے پی پی):صوبائ وزیر آبپاشی خیبرپختونخوا ریاض خان کی زیر صدارت پشاور میں محکمہ آبپاشی سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری آبپاشی محمد ایاز، چیف انجینئرز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران سیکرٹری آبپاشی نے صوبائی وزیر کو محکمہ کی مجموعی کارکردگی، جاری ترقیاتی منصوبوں اور منظور شدہ نئی سکیموں بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر …

پشاور۔ 04 نومبر (اے پی پی):صوبائ وزیر آبپاشی خیبرپختونخوا ریاض خان کی زیر صدارت پشاور میں محکمہ آبپاشی سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری آبپاشی محمد ایاز، چیف انجینئرز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران سیکرٹری آبپاشی نے صوبائی وزیر کو محکمہ کی مجموعی کارکردگی، جاری ترقیاتی منصوبوں اور منظور شدہ نئی سکیموں بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ریاض خان نے کہا کہ محکمہ آبپاشی کو ایک فعال، شفاف اور عوام دوست ادارہ بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

انہوں کہا کہ وہ ذاتی طور پر خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع کا دورہ کریں گے تاکہ جاری سکیموں اور عوامی مفاد سے متعلق دیگر منصوبوں کا موقع پر جا کر جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کے واضح احکامات ہیں کہ صوبے کے عوام کو یکساں ترقی کے مواقع فراہم کیے جائیں اور جہاں بھی مسائل ہوں ان کا بروقت حل یقینی بنایا جائے۔ صوبائی وزیر ریاض خان نے کہا کہ محکمہ آبپاشی میں محنتی اور فرض شناس افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی تاہم کام میں غفلت، سستی یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔