سندھ زرعی یونیورسٹی میں آل پاکستان انٹریونیورسٹیز چئمپین شپ شروع

حیدرآباد۔ 10 نومبر (اے پی پی):سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کی زیرِ میزبانی اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے تعاون سے آل پاکستان انٹر یونیورسٹیز جوڈو (میل) چیمپئن شپ 2025-26 کا آغاز میر قائم خان ٹالپر اسپورٹس کمپلیکس میں ہوگیا۔ افتتاحی تقریب کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر انجینئر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے ربن کاٹ کر کیا۔تقریب میں مختلف جامعات کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ ملک …

حیدرآباد۔ 10 نومبر (اے پی پی):سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کی زیرِ میزبانی اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے تعاون سے آل پاکستان انٹر یونیورسٹیز جوڈو (میل) چیمپئن شپ 2025-26 کا آغاز میر قائم خان ٹالپر اسپورٹس کمپلیکس میں ہوگیا۔ افتتاحی تقریب کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر انجینئر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے ربن کاٹ کر کیا۔تقریب میں مختلف جامعات کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ ملک بھر کی معروف جامعات بشمول سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام، یونیورسٹی آف پنجاب لاہور، یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد، سرسید احمد خان یونیورسٹی کراچی، سپیریئر یونیورسٹی لاہور، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور، یونیورسٹی آف سندھ جامشورو، یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور، یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب لاہور، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، یونیورسٹی آف لاہور، یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور، مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو اور سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی کے کھلاڑی مختلف وزن کی کیٹیگریز میں حصہ لے رہے ہیں۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے کہا کہ سندھ زرعی یونیورسٹی نہ صرف علمی میدان میں ترقی کے لیے کوشاں ہے بلکہ ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی میں مقامی سطح اور ملکی سطح کے کھیلوں کے مقابلے مسلسل جاری رہتے ہیں اور انہیں اداروں سے کامیاب ہونے والے نوجوان ملک کی عالمی سطح پر نمائندگی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں میں نظم و ضبط، ٹیم ورک اور قیادت کی صلاحیت پیدا کرتے ہیں، جو ان کی شخصیت سازی میں بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ پیر کے روز ہونے والےمقابلوں کے نتائج کے مطابق 50 کلوگرام کیٹیگری میں یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب لاہور کے عثمان اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے بلال نے کوالیفائی کیا۔ 55 کلوگرام میں مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو کے حاشر خانزادہ اور یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب لاہور کے حسنین کامیاب ہوئے۔

60 کلوگرام میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے سلمان اور سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی کے احمد علی نے کامیابی حاصل کی۔ 73 کلوگرام کے مقابلوں میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے گلفام اور یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب لاہور کے معاذ ضیاء نے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا۔ 81 کلوگرام میں یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد کے عثمان اور یونیورسٹی آف پنجاب لاہور کے عبدالرحمٰن، جبکہ 90 کلوگرام میں سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے محی الرحمان اور یونیورسٹی آف پنجاب لاہور کے نشاور علی کامیاب قرار پائے۔ 100 کلوگرام کیٹیگری میں یونیورسٹی آف پنجاب لاہور کے باسط اور یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب لاہور کے حمزہ نے کامیابی حاصل کی، جبکہ 100 پلس کلوگرام میں یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب لاہور کے انصر اور یونیورسٹی آف لاہور کے عبدالرحمٰن فاتح قرار پائے۔ اوپن ویٹ کیٹیگری میں یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب لاہور کے شمس اور یونیورسٹی آف لاہور کے ندیم نے کوالیفائی کیا۔

اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف اینیمل ہسبنڈری اینڈ ویٹرنری سائنسز ڈاکٹر سید غیاث الدین شاہ راشدی، چیئرمین اسپورٹس کمیٹی ڈاکٹر ظہیرالدین میرانی، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر اعجاز حسین سومرو، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر مریم کیریو اور شوکت حسین سانگی سمیت مختلف مہمان شخصیات موجود تھیں۔قبل ازیں ڈائریکٹر اسپورٹس انوار حسین خانزادہ نےنے مہمانانِ گرامی کو خوش آمدید کہا ، جبکہ مقابلے بدھ 12 نومبر تک جاری رہیں گے۔

مزید خبریں