محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو رایا اور سرسوں کو مختلف بیماریوں سے بچانے کے لئے حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کی ہدایت

سیالکوٹ ۔ 19 نومبر (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو رایا اور سرسوں کو مختلف بیماریوں سے بچانے کے لئے حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کی ہدایت کی ہے ۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلانٹ پروٹیکشن، پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز سمبڑیال صبا تحسین نے کہا ہے کہ چونکہ رایا اور سرسوں کی فصل پر بوائی سے لے کر برداشت تک مختلف بیماریاں حملہ آور ہو سکتی ہیں لہٰذا …

سیالکوٹ ۔ 19 نومبر (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو رایا اور سرسوں کو مختلف بیماریوں سے بچانے کے لئے حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کی ہدایت کی ہے ۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلانٹ پروٹیکشن، پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز سمبڑیال صبا تحسین نے کہا ہے کہ چونکہ رایا اور سرسوں کی فصل پر بوائی سے لے کر برداشت تک مختلف بیماریاں حملہ آور ہو سکتی ہیں لہٰذا کاشتکار اس سلسلہ میں چوکنارہیں اور بروقت حفاظتی و تدارکی اقدامات یقینی بنائیں تاکہ فصل کا معیار اور مقدار متاثر نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ سفید کنگھی کے ابتدائی حملہ میں پتوں، تنوں، شاخوں کی اوپری سطح کے اندر سفید چھالے بن جاتے ہیں جو پھول کر پھٹ جاتے ہیں اور ان سے سفید سفوف نکلنا شروع ہو جاتاہے۔ اس طرح پھولوں پر بیماری کے حملہ سے جہاں ایک طرف پھول بد شکل ہو جاتے ہیں وہیں ان میں بیج بھی نہیں بنتا اور پودے کے متاثرہ حصوں میں سڑن پیداہو جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وبائی جھلساؤ کی بیماری کے حملہ سے پتوں، ٹہنیوں، پھلیوں پر سیاہ اور بھورے دھبے نمودار ہوتے ہیں جو پتوں میں سوراخ کاباعث بھی بنتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بیماری کے شدید حملے کی صورت میں پھلیاں پتلی اور چھوٹی رہ جاتی ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ مرجھاؤ کی بیماری ہر عمر کے پودوں پر اثر اندازہو کر پیداوار کو متاثر کرتی ہے۔ انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ محکمہ زراعت کے فیلڈسٹاف یا زرعی ماہرین کی مشاورت سے فصل پر مناسب زہروں کاسپرے یقینی بنائیں ۔