وزیراعظم کی ملائیشیا کو گوشت برآمدات سے متعلق کمیٹی کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ، سرکاری و نجی شعبے کے اہم اسٹیک ہولڈرز کی شرکت

اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کی ملائیشیا کو گوشت برآمدات سے متعلق کمیٹی کا اعلیٰ سطح کا اجلاس جمعرات کو منعقد ہوا، جس کی مشترکہ صدارت وزیراعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر خان اور وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کی۔ اجلاس میں سرکاری و نجی شعبے کے اہم اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی اور ملائیشیا کو گوشت برآمدات میں درپیش چیلنجز، سفارشات اور مستقبل کے لائحہ عمل کا …

اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کی ملائیشیا کو گوشت برآمدات سے متعلق کمیٹی کا اعلیٰ سطح کا اجلاس جمعرات کو منعقد ہوا، جس کی مشترکہ صدارت وزیراعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر خان اور وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کی۔ اجلاس میں سرکاری و نجی شعبے کے اہم اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی اور ملائیشیا کو گوشت برآمدات میں درپیش چیلنجز، سفارشات اور مستقبل کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کمیٹی نے ملائیشیا کو 200 ملین امریکی ڈالر مالیت کا گوشت برآمد کرنے کا ہدف تجویز کیا۔

فاقی وزیر جام کمال خان نے بتایا کہ نجی ایکسپورٹرز کے ساتھ مل کر ایک مؤثر بزنس ماڈل تیار کیا جا رہا ہے جس سے گوشت کی برآمدات کو بہتر اور تیز تر بنایا جا سکے گا۔انہوں نے پاکستان میں چرائی کے علاقوں کی بہتری، ایف ایم ڈی ویکسین لیبز کے قیام اور ایکسپورٹرز کے لیے خصوصی مراعات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات ملائیشین مارکیٹ تک رسائی کے لیے انتہائی اہم اور وقت کی ضرورت ہیں۔

وزیراعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں ایک جامع برآمدی حکمتِ عملی تیار کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان بون لیس گوشت کی برآمد کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور عالمی معیار پر پورا اترتا ہے، جبکہ ہڈی والے گوشت کی برآمد کے لیے قابلِ عمل فریم ورک پر کام جاری ہے،تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد ایک ڈرافٹ منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے پروسیسنگ سسٹمز، کولڈ چین انفراسٹرکچر اور ایکسپورٹ ریڈی میکانزم کی بہتری کو عالمی منڈیوں میں پاکستان کی مسابقت بڑھانے کے لیے ناگزیر قرار دیا۔جام کمال خان نے کہا کہ تیار کردہ بزنس ماڈل بہت جلد وزیراعظم کو پیش کیا جائے گا۔ یہ اقدام پاکستان کی برآمدات میں نمایاں اضافہ کرے گا اور حلال مارکیٹس میں نئے مواقع پیدا کرے گا۔

مزید خبریں