پاکستان نے بھارتی وزیرِ دفاع کے سندھ سے متعلق بیان کو گمراہ کن، خود ساختہ اور خطرناک حد تک ترمیم پسند قرار دے دیا

اسلام آباد۔23نومبر (اے پی پی):پاکستان نے بھارتی وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ کے صوبہ سندھ سے متعلق بیان کو گمراہ کن، خود ساختہ اور خطرناک حد تک ترمیم پسند قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔بھارتی وزیرِ دفاع کا بیان ایک توسیع پسند ہندوتوا ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے جو تسلیم شدہ بین الاقوامی حقائق اور ریاستی خود مختاری کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے ،بھارت کی جانب …

اسلام آباد۔23نومبر (اے پی پی):پاکستان نے بھارتی وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ کے صوبہ سندھ سے متعلق بیان کو گمراہ کن، خود ساختہ اور خطرناک حد تک ترمیم پسند قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔بھارتی وزیرِ دفاع کا بیان ایک توسیع پسند ہندوتوا ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے جو تسلیم شدہ بین الاقوامی حقائق اور ریاستی خود مختاری کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے ،بھارت کی جانب سے اس قسم کے اشتعال انگیز بیانات خطے کے امن و استحکام کیلئے سنگین خطرات پیدا کرتے ہیں ۔

اتوار کو دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے بھارتی قیادت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے خلاف بے بنیاد بیانات دینے کے بجائے اپنے ملک میں کمزور اور غیر محفوظ اقلیتی برادریوں کے تحفظ کو یقینی بنائے اور ان عناصر کے خلاف کارروائی کرے جو ان کے خلاف تشدد اور نفرت کو ہوا دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو اپنے شمال مشرقی خطے کی ان آبادیوں کی شکایات پر بھی توجہ دینی چاہیے جو طویل عرصے سے منظم محرومی، شناخت کی بنیاد پر امتیازی سلوک اور ریاستی سرپرستی میں ہونے والے تشدد کا سامنا کر رہی ہیں ۔

انہوں نے ایک بار پھر اس موقف کا اعادہ کیا کہ بھارت کو جموں و کشمیر کے تنازع کے پائیدار اور منصفانہ حل کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کی روشنی میں سنجیدہ اقدامات کرنے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ،بھارت کے ساتھ تمام تنازعات کے پرامن حل کے لیے انصاف، مساوات اور بین الاقوامی قانونی اصولوں کی بنیاد پربات چیت کیلئے تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی سلامتی، قومی خود مختاری اور آزادی کے تحفظ کے لیے ماضی کی طرح مکمل طور پر پرعزم ہے ۔

 

مزید خبریں