بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دھرمیندر 89 سال کی عمر میں چل بسے

نئی دہلی۔24نومبر (اے پی پی):بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دھرمیندر 89سال کی عمر میں چل بسے۔ دھرمیندر کو سانس لینے میں دشواری کے باعث ممبئی کے بریچ کینڈی ہسپتال داخل کیا گیااور انہیں وہاں کچھ روز تک علاج کے بعد واپس گھر لایا گیا تاہم وہ کوما میں تھے ۔چھ دہائیوں پر محیط اپنے کیریئر میں دھرمیندر نے 300 سے زائد فلموں میں کام کیا، جن میں ’’شعلے‘‘، ’سیتا اور …

نئی دہلی۔24نومبر (اے پی پی):بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دھرمیندر 89سال کی عمر میں چل بسے۔ دھرمیندر کو سانس لینے میں دشواری کے باعث ممبئی کے بریچ کینڈی ہسپتال داخل کیا گیااور انہیں وہاں کچھ روز تک علاج کے بعد واپس گھر لایا گیا تاہم وہ کوما میں تھے ۔چھ دہائیوں پر محیط اپنے کیریئر میں دھرمیندر نے 300 سے زائد فلموں میں کام کیا، جن میں ’’شعلے‘‘، ’سیتا اور گیتا‘‘ اور ’’چپکے چپکے‘‘ جیسی آئیکونک فلمیں شامل ہیں۔دھرمیندر کی فلمی دنیا کا آغاز 1958 میں فلم فیئر میگزین کے ٹیلنٹ مقابلے سے شروع ہوا، جہاں انہوں نے پہلی بار پہچان حاصل کی، ان کی پہلی فلم ”دل بھی تیرا ہم بھی تیرے“ 1960 میں سامنے آئی۔ اس کے بعد ان کی زندگی ہی بدل گئی،

اور انہوں نے ایک کے بعد ایک فلمیں سائن کیں اور اور اپنی کامیابی کا لوہا منوایا۔1960 کی دہائی میں دھرمیندر نے کئی عام رول کیے، لیکن 1966 کی فلم ”پھول اور پتھر“ نے تو بس ان کی قسمت ہی بدل دی۔ اس فلم میں ان کا ایک ”شرٹ لیس“ سین اتنا مشہور ہوا کہ انہیں ”ہی مین“ کا لقب مل گیا۔ یہ کردار گویا ان کی زندگی کا سنگ میل ثابت ہوا۔ اس کے بعد 1975 مین ”شعلے“ جیسی شاہکار فلموں نے ان کے کیریئر کو ایک نئی بلندی دی۔1970 کی دہائی میں، ان کا نام ہیما مالنی کے ساتھ لیا جانے لگا کیونکہ اس کپل نے فلموں میں شاندار کامیابیاں حاصل کیں اور دونوں کی جوڑی فلموں میں بےحد پسند کی جانے لگی۔ ان کی مشہور اور پسندیدہ ترین فلموں میں خاص طور پر ”شعلے“ اور ”سیتا اور گیتا“ نے بہت شہرت حاصل کی۔

اس دوران، ان کی ذاتی زندگی میں بھی بہت اتار چڑھاؤ آئے۔ دھرمیندر پرکاش کاؤر کے ساتھ پہلے ہی شادی کرچکے تھے اور دو بیٹے سنی اور بوبی بھی تھے۔ تاہم، دھرمیندر اور ہیما مالینی کا رشتہ ایک الگ ہی کہانی بن گیا، اور 1980 میں بلآخر انہوں نے ہیما مالنی سے شادی کر لی۔وہ ایک ایکشن ہیرو تھے، بلکہ وہ ایک رومانی اور مزاحیہ اداکار بھی تھے۔ ان کی فلموں میں جہاں ایک طرف وہ اپنے ”ہی مین“ کردار سے دنیا کو متاثر کرتے، وہیں دوسری طرف ”گڈی“ اور ”چپکے چپکے“ جیسی فلموں میں ان کی مزاحیہ اداکاری بھی بے حد پسند کی گئی۔

”گرم دھرم“ کا لقب انہیں اسی دوران ملا، اور انہوں نے اس نام کو ایک نئی پہچان دی۔ دھرمیندر ایک باصلاحیت اردو شاعر بھی تھے ۔ دھرمیندر نے بولی وڈ کے علاوہ سیاست میں بھی قدم رکھا۔ وہ 2004 سے 2009 تک راجستھان کے حلقے بیكانیر سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ بھی رہے۔ اس دوران انہوں نے کسانوں کے حقوق کی حمایت کی اور بہتری کے لئے بہت کوششیں کیں۔ ان کےکیرئیر کی آخری فلم ’’اکیس‘‘ رواں سال دسمبر میں ریلیز ہونے والی ہے۔دھرمیندر نے اپنے فنی کیریئر کے دوران فلم فئیر کی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ، نیو جرسی کی جانب سے اعزاز اور بھارت کے تیسرے بڑے شہری اعزاز ’’پدما بھوشن‘‘ اپنے نام کئے۔

مزید خبریں