ریلوے میں تاریخی پیش رفت، ٹرینوں کی وقت پر روانگی 82 فیصد تک پہنچ گئی ، حنیف عباسی

اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیر صدارت وزارت ریلوے میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ادارے کی مجموعی کارکردگی، جاری اصلاحات اور مستقبل کے لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ریلویز کے اعلیٰ افسران نے مختلف شعبوں پر بریفنگ دی۔وفاقی وزیر ریلوے نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران پاکستان ریلوے میں تاریخی …

اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیر صدارت وزارت ریلوے میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ادارے کی مجموعی کارکردگی، جاری اصلاحات اور مستقبل کے لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ریلویز کے اعلیٰ افسران نے مختلف شعبوں پر بریفنگ دی۔وفاقی وزیر ریلوے نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران پاکستان ریلوے میں تاریخی نوعیت کا کام ہوا ہے اور جو بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں وہ دیرپا اور مستقل بنیادوں پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کی 78 سالہ تاریخ میں اس نوعیت کی پیش رفت پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔

محمد حنیف عباسی نے اس بات پر زور دیا کہ اب مزید ذمہ داری اور تیز رفتاری سے کام کرنے کی ضرورت ہے اور ریلوے میں لاپروائی اور سستی کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے رَننگ رومز اور گارڈ رومز سے متعلق بریفنگ لیتے ہوئے ریلوے ملازمین کی سہولیات بہتر بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلوے مزدور کو سہولت فراہم کیے بغیر ادارے کو بہتر انداز میں نہیں چلایا جا سکتا۔اجلاس میں زیر التواء منصوبوں کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے اور اپ گریڈڈ سٹیشنز اور ٹرینوں کی سخت نگرانی کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔

ریلوے حکام نے بتایا کہ اس وقت ٹرینوں کی پنکچوئلٹی سال کی بہترین سطح پر پہنچ گئی ہے اور مجموعی شرح 82 فیصد تک ریکارڈ کی گئی ہے۔وفاقی وزیر نے ٹریک پر انجینئرنگ ریسٹرکشن (ای آر) کو موثر انداز میں کم کرنے اور سردیوں کی دھند سے نمٹنے کے لیے بروقت اقدامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ لسانی ایکسپریس کی بحالی کے بعد نارووال کے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ لاہور-نارووال سیکشن پر مزید ٹرینیں بھی جلد اپ گریڈ کر کے چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وفاقی وزیر نے اختتام پر کہا کہ پاکستان ریلوے کو ایک جدید، محفوظ اور قابل اعتماد ادارہ بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

مزید خبریں