اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):ایشیائی ترقیاتی بینک کے مشترکہ مشن نے پیر کو بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد اور سیکرٹری عامر علی احمد نے مشن کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کے سماجی تحفظ کے نیٹ ورک کو مضبوط بنانے میں اے ڈی بی کے کردار کی تعریف کی جو ملک بھر میں لاکھوں پسماندہ گھرانوں کی زندگیوں پر مثبت اثر …
ایشیائی ترقیاتی بینک کے مشترکہ مشن کا بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام ہیڈکوارٹرز کا دورہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):ایشیائی ترقیاتی بینک کے مشترکہ مشن نے پیر کو بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد اور سیکرٹری عامر علی احمد نے مشن کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کے سماجی تحفظ کے نیٹ ورک کو مضبوط بنانے میں اے ڈی بی کے کردار کی تعریف کی جو ملک بھر میں لاکھوں پسماندہ گھرانوں کی زندگیوں پر مثبت اثر ڈال رہا ہے۔
اجلاس کے دوران چیئرپرسن نے قومی سماجی اقتصادی رجسٹری (این ایس ای آر) ڈیٹا بیس کی مرکزی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ تمام صوبوں کو اس کی حساسیت اور قومی اہمیت کو تسلیم کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی نسل، صوبے، زبان یا سیاسی وابستگی سے بالاتر تمام غریب ترین افراد کی خدمت کرتا ہے۔ انہوں نے ڈیٹا کے تحفظ کے اعلیٰ ترین معیارات کو یقینی بناتے ہوئے محفوظ اور موثر ڈیٹا شیئرنگ کے لیے صوبوں کے ساتھ مشترکہ ڈیش بورڈز بنانے کی بھی تجویز دی۔

چیئرپرسن نے یہ بھی بتایا کہ اس وقت 11 ملین بچے بینظیر تعلیمی وظائف پروگرام سے مستفید ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے، بی آئی ایس پی کے ساتھ مشاورت کے ذریعے ان علاقوں میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں اقدامات کر سکتے ہیں جہاں بی آئی ایس پی کی خدمات موجود نہیں ہیں۔اجلاس میں اے ڈی بی حکام کے ساتھ ہنر مندی کی تربیت کے ذریعے انسانی وسائل کی ترقی، آگاہی اور اثاثوں کی منتقلی کے پروگراموں سمیت دیگر اہم شعبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی مشن لیڈرز زن لونگ اور لائسیسا تورا نے مستحق گھرانوں کی فلاح و بہبود کیلئے بی آئی ایس پی کے اقدامات کی تعریف کی اور اے ڈی بی کی جانب سے مسلسل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اے ڈی بی کے وفد کے دیگر شرکا میں سینئر پروجیکٹ آفیسر منصور علی مسعود، پروجیکٹ آفیسر (تعلیم) فیاض خان، ایسوسی ایٹ پروجیکٹ آفیسر چارلس فیلکس سمبیلونے شرکت کی جبکہ بی آئی ایس پی کی طرف سے ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر عصمت نواز اور تمام ڈائریکٹر جنرلز نے اجلاس میں شرکت کی۔








