ڈیرہ مراد جمالی ،کاشتکاروں کی شکایت پر صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی کی ہدایت پر ربیع کینال کی صفائی کا عمل شروع کردیا گیا

ڈیرہ مراد جمالی ۔ 25 نومبر (اے پی پی):ربیع کینال کے کاشتکاروں کو زرعی پانی کی فراہمی کے لیے صوبائی وزیر ایریگیشن میر محمد صادق عمرانی، صوبائی سیکرٹری ایریگیشن سہیل الرحمن بلوچ اور چیف انجینئر کینالز ناصر مجید کی ہدایات پر ایگزیکٹو انجینئر پٹ فیڈر کینال فرید احمد پندرانی کی نگرانی میں ربیع کینال کی بھل صفائی اور پشتوں پر جھاڑیوں کی کٹائی کا عمل ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے۔ …

ڈیرہ مراد جمالی ۔ 25 نومبر (اے پی پی):ربیع کینال کے کاشتکاروں کو زرعی پانی کی فراہمی کے لیے صوبائی وزیر ایریگیشن میر محمد صادق عمرانی، صوبائی سیکرٹری ایریگیشن سہیل الرحمن بلوچ اور چیف انجینئر کینالز ناصر مجید کی ہدایات پر ایگزیکٹو انجینئر پٹ فیڈر کینال فرید احمد پندرانی کی نگرانی میں ربیع کینال کی بھل صفائی اور پشتوں پر جھاڑیوں کی کٹائی کا عمل ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے۔ محکمے کی بھاری مشینری کے ذریعے صفائی کے اس آپریشن کو تیز رفتار انداز میں مکمل کیا جا رہا ہے جبکہ ایگزیکٹو انجینئر کی خصوصی ہدایت پر سب ڈویژنل آفیسر حافظ عبدالرشید مستوئی سب انجینئر وسیم بیرانی اور داروغہ خدابخش بہرانی بھی موقع پر موجود رہ کر کام کی براہ راست نگرانی کی۔فرید احمد پندرانی نے بتایا کہ ربیع سیزن کا آغاز ہو چکا ہے اور کاشتکاروں کو زرعی پانی کی فراہمی انتہائی ضروری ہو گئی ہے

تاہم میرحسن کے علاقے سے گزرنے والی ربیع کینال کے دونوں اطراف جھاڑیوں کی کثرت کے باعث پانی کی ترسیل میں شدید رکاوٹیں پیش آ رہی تھیں جنہیں مدنظر رکھتے ہوئے صفائی کا یہ عمل فوری طور پر شروع کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک 26 آر ڈیز کی مکمل صفائی کرلی گئی ہے جبکہ باقی حصوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ محکمہ آبپاشی کا عملہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری محنت اور دلی لگی سے انجام دے رہا ہے تاکہ کاشتکاروں تک زرعی پانی کی ترسیل کسی تعطل کے بغیر ممکن ہو سکے۔ فرید احمد پندرانی نے کہا کہ کینال میں پانی کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے لیے تمام رکاوٹیں دور کی جا رہی ہیں اور یہ یقینی بنایا جا رہا ہے کہ ربیع سیزن کے دوران کسانوں کو پانی کی کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محکمہ ایریگیشن کا عملہ کاشتکاروں کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی کے لیے مکمل طور پر ہمہ وقت سرگرم ہے۔