متحدہ عرب امارات کی غزہ کیلئے مثالی کاوشیں، 8,700 ٹرک، 250 قافلے اور 16 لاکھ امدادی پیکجز کی ترسیل

ابو ظہبی۔27نومبر (اے پی پی):متحدہ عرب امارات نے اپنی قیادت کی ہدایات کے تحت گزشتہ دو سال سے غزہ کی عوام کے ساتھ یکجہتی، انسانی ہمدردی اور عزم کا بے مثال مظاہرہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ انسانی خدمت صرف امداد کی فراہمی نہیں بلکہ امید، حوصلے اور زندگی کا پیغام ہے۔ اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق آپریشن ’’الفارس الشهم 3‘‘ کے تحت اب تک یو اے ای …

ابو ظہبی۔27نومبر (اے پی پی):متحدہ عرب امارات نے اپنی قیادت کی ہدایات کے تحت گزشتہ دو سال سے غزہ کی عوام کے ساتھ یکجہتی، انسانی ہمدردی اور عزم کا بے مثال مظاہرہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ انسانی خدمت صرف امداد کی فراہمی نہیں بلکہ امید، حوصلے اور زندگی کا پیغام ہے۔ اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق آپریشن ’’الفارس الشهم 3‘‘ کے تحت اب تک یو اے ای کی جانب سے 8,700 سے زائدٹرک زمینی راستوں سے روانہ کیے جا چکے ہیں جن کے ذریعے 16 لاکھ سے زائد امدادی پیکجز 250 سے زائد قافلوں کی شکل میں غزہ کے عوام تک پہنچائے گئے ہیں۔

یہ امداد مختلف اقسام کی اشیائے ضروریہ پر مشتمل ہے جن میں خوراک، طبی سامان، رہائشی خیمے، حفظانِ صحت کی اشیاء اور دیگر بنیادی ضروریات شامل ہیں۔اماراتی امدادی ٹیم نے یہ امداد العرَیش میں قائم انسانی امداد کے لاجسٹک مرکز کے ذریعے روانہ کی جہاں امدادی سامان کی وصولی، ذخیرہ، دوبارہ پیکنگ اور ترسیل کے تمام مراحل کو متعلقہ حکام کے ساتھ مربوط انداز میں مکمل کیا گیا تاکہ غزہ کے عوام کو بروقت اور مؤثر مدد فراہم کی جا سکے۔مسلسل آنے والے قافلوں میں خواتین اور بچوں کے لیے مخصوص امدادی پیکجز، سردیوں کے کپڑے، اور حفظان صحت کی کٹس بھی شامل کی گئیں تاکہ غزہ میں تمام متاثرہ طبقات کی ضروریات کو احسن انداز میں پورا کیا جا سکے۔

اس امدادی مہم میں متحدہ عرب امارات نے 33 ایمبولینسز، میڈیکل ٹینٹس، 36 پانی کے ٹینکرز، فیلڈ بیکریز اور دیگر وہ سامان بھی بھیجا جو پانی اور بنیادی انفراسٹرکچر کے منصوبوں میں مددگار ثابت ہو سکے تاکہ نہ صرف فوری ضرورتوں کو پورا کیا جا سکے بلکہ غزہ کے عوام کی مزاحمتی قوت میں اضافہ اور مشکلات میں کمی کی جا سکے۔

آپریشن ’’الفارس الشهم 3‘‘ نہ صرف غزہ کے لیے ایک مربوط اور مؤثر امدادی منصوبہ ہے بلکہ یہ متحدہ عرب امارات کے اس دیرینہ انسانی مشن کا تسلسل بھی ہے جس کے تحت وہ ہمیشہ دوست اور برادر ممالک کی مدد کے لیے پیش پیش رہا ہے۔ یہ مشن اماراتی قیادت کی ہدایات اور انسانیت کے لیے اس کے غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے جس کا مقصد صرف امداد پہنچانا نہیں بلکہ متاثرہ افراد کے دکھ درد کو کم کرنا اور ان کے ساتھ بحران کے وقت میں عملی یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔

مزید خبریں