گندم کے کاشتکار فی ایکڑ زیادہ پیداوار کیلئے جڑی بوٹیوں کی بروقت تلفی یقینی بنائیں،ترجمان

لاہور۔8دسمبر (اے پی پی):ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق گندم کی اچھی اور زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے لیے جڑی بوٹیوں کی تلفی انتہائی ضروری ہے۔ ایک اندازے کے مطابق جڑی بوٹیوں کی وجہ سے 42 فیصد تک پیداوار کم ہو سکتی ہے۔جڑی بوٹیوں کی تلفی کے لیے پہلی آبپاشی کے بعد کھیت وتر حالت میں آنے پر دوہری بار ہیرو چلائیں۔اس سے جڑی بوٹیاں بہت حد تک تلف ہو …

لاہور۔8دسمبر (اے پی پی):ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق گندم کی اچھی اور زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے لیے جڑی بوٹیوں کی تلفی انتہائی ضروری ہے۔ ایک اندازے کے مطابق جڑی بوٹیوں کی وجہ سے 42 فیصد تک پیداوار کم ہو سکتی ہے۔جڑی بوٹیوں کی تلفی کے لیے پہلی آبپاشی کے بعد کھیت وتر حالت میں آنے پر دوہری بار ہیرو چلائیں۔اس سے جڑی بوٹیاں بہت حد تک تلف ہو جاتی ہیں اور زمین میں وتر دیر تک قائم رہتا ہے۔ گندم کی فصل میں چوڑے پتے والی اور نوکیلے پتے والی یعنی گھاس نما جڑی بوٹیاں اگتی ہیں لہذا ان کی مناسبت سے جڑی بوٹی مار زہر کا انتخاب کریں۔ جڑی بوٹیوں کی مناسبت سے پہلے پانی کے بعد چوڑے پتے والی جڑی بوٹیوں کیلئے محکمہ زراعت توسیع یا پیسٹ وارننگ کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے سفارش کردہ جڑی بوٹی مار زہروں کا سپرے کریں۔

ترجمان نے کہا کہ دوسرے پانی کے بعد نوکیلے پتے والی جڑی بوٹیوں کے لئے سپرے کی جائے تو بیشتر جڑی بوٹیوں کا یقینی خاتمہ ہوجاتا ہے۔دونوں قسم کی جڑی بوٹیوں کو ختم کرنے والی زہریں بھی میسر ہیں جو تقریبا 40تا 45 دن کی فصل پر کی جا سکتی ہیں اور ان سے اچھے نتائج حاصل ہوتے ہیں۔ریتلے اور کلراٹھے علاقوں میں جڑی بوٹی مار زہروں کا استعمال احتیاط سے کریں۔زہر کے چھڑکا وکے بعد گوڈی یا بار ہیرو کے استعمال سے پرہیز کریں اور جڑی بوٹیوں کو چارہ کے طور پر ہرگز استعمال نہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپرے ہمیشہ مشین کی کیلی بریشن کر کے کریں،پانی کی مقدار 100 تا 120 لیٹر فی ایکڑ رکھیں۔کسی جگہ دوہری سپرے نہ کریں اور نہ ہی کوئی جگہ خالی رہنے دیں۔سپرے کے لئے مخصوص نوزل استعمال کریں۔

تیز ہوا، دھند یا بارش میں سپرے نہ کریں۔ ترجیحا سپرے دھوپ میں جب پتوں پر سے شبنم ختم ہوجائے، تب شروع کریں۔