نسٹ کے محققین نے مصنوعی ذہانت سے لیس ڈرون سپرے سسٹم تیار کر لیا

اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):جدید زرعی ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک اہم پیش رفت کے تحت نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے محققین نے مصنوعی ذہانت سے لیس ڈرون سپرے سسٹم تیار کر لیا ہے جو فصلوں کی دیکھ بھال کو مؤثر، کم خرچ اور ماحول دوست بنانے میں معاون ثابت ہو رہا ہے۔اس جدید نظام کے ذریعے ڈرونز کھیتوں کا باریک بینی سے تجزیہ کرتے ہیں اور …

اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):جدید زرعی ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک اہم پیش رفت کے تحت نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے محققین نے مصنوعی ذہانت سے لیس ڈرون سپرے سسٹم تیار کر لیا ہے جو فصلوں کی دیکھ بھال کو مؤثر، کم خرچ اور ماحول دوست بنانے میں معاون ثابت ہو رہا ہے۔اس جدید نظام کے ذریعے ڈرونز کھیتوں کا باریک بینی سے تجزیہ کرتے ہیں اور صرف ان حصوں پر کیڑے مار ادویات کا سپرے کرتے ہیں جہاں واقعی ضرورت ہو۔

اس طریقۂ کار سے نہ صرف زرعی زہروں کے ضیاع میں نمایاں کمی آتی ہے بلکہ مٹی، پانی اور فضائی آلودگی بھی کم ہوتی ہے جو ماحولیاتی تحفظ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ماہرین کے مطابق اے آئی پر مبنی یہ ٹیکنالوجی کسانوں کے اخراجات کم کرنے، پیداوار بڑھانے اور فصلوں کو بیماریوں سے بہتر انداز میں محفوظ رکھنے میں مدد دے گی۔

اس منصوبے کو سمارٹ فارمنگ کے فروغ کی جانب ایک سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے جو پاکستان کے زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔نسٹ کی یہ تحقیق کسان دوست اور پائیدار زراعت کے وژن کی عکاس ہے جو نہ صرف کسانوں کی خوشحالی بلکہ قدرتی وسائل کے تحفظ میں بھی معاون ثابت ہوگی۔