فیصل آباد۔ 29 دسمبر (اے پی پی):محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد ڈویژن کے ڈائریکٹر حیدر علی نے لائیو سٹاک فارمرز کو بھیڑوں وبکریوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لئے حفاظتی ٹیکے لگوانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے اے پی پی سے گفتگو کے دوران بتایا کہ حاملہ بھیڑوں کو آخری ماہ میں ریوڑ سے الگ کر کے انہیں زود ہضم غذا کی فراہمی کو اولین …
فیصل آباد،لائیو سٹاک فارمرز کو بھیڑوں وبکریوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کےلئے حفاظتی ٹیکے لگوانے کی ہدایت

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 29 دسمبر (اے پی پی):محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد ڈویژن کے ڈائریکٹر حیدر علی نے لائیو سٹاک فارمرز کو بھیڑوں وبکریوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لئے حفاظتی ٹیکے لگوانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے اے پی پی سے گفتگو کے دوران بتایا کہ حاملہ بھیڑوں کو آخری ماہ میں ریوڑ سے الگ کر کے انہیں زود ہضم غذا کی فراہمی کو اولین ترجیح دی جائے۔ انہوں نے لائیو سٹاک فارمرز کو ہدایت کی کہ بھیڑوں کے باڑے کو سطح زمین سے 2فٹ اونچا رکھا جائے، بھیڑوں کو کرم کش ادویات ہر 4ماہ بعد پلوائی جائیں اور اون کی کترائی موسم بہار اور موسم خزاں میں سال میں 2بار کروائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں ایک فری ہیلپ لائن بھی قائم کی گئی ہے لہٰذا لائیو سٹاک فارمرز یا دیگر سٹیک ہولڈرز صبح9سے شام5بجے تک مذکورہ ہیلپ لائن پر مفت رابطہ کر سکتے ہیں۔انہوں نے پولٹری فارمرز کو بھی ہدایت کہ موسم سرما میں مرغیوں کو بیماریوں سے بچانے کےلئے حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کیا جائے اور شیڈ کی اچھی صفائی سمیت اچھی قسم کے سپرے یا جراثیم کش ادویات کا استعمال بھی یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو صحت مند مرغیوں کے گوشت کی فراہمی ممکن ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک فارمرز خصوصاً مرغی پال حضرات شیڈ کا درجہ حرارت 75تا 80فارن ہائٹ تک برقرار رکھیں اور سردیوں میں ٹھنڈی ہوا کےلئے پلاسٹک کے پردے لگانے سے پرہیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سردیوں میں پرندوں کو وٹا من ای دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی پرندہ مر جائے تو اسے گہرا گڑھا کھود کر زمین میں دبا دینا چاہیے اور فارم کے ارد گرد چونا بھی چھڑک دیا جائے تاکہ جراثیم پیدا ہونے کا خطرہ کم ہو سکے۔انہوں نے شیڈول کے مطابق پرندوں کی ویکسی نیشن کروا نے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں مزید معلومات کےلئے محکمہ لائیو سٹاک کے فیلڈ سٹاف سے مشاورت و رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔محکمہ لائیو سٹاک وڈیری ڈویلپمنٹ نے ملک میں گوشت اور اون کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث لائیو سٹاک فارمرز اور کسانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بھیڑوں کی علاقائی نسلیں پالنے کو ترجیح دیں اور اس سلسلہ میں محکمہ لائیو سٹاک کے فیلڈ سٹاف کی مشاورت کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ مالی فائدہ حاصل کر سکیں۔








