فیصل آباد۔ 30 دسمبر (اے پی پی):سردی کی شدت میں اضافے، برفانی ہوائیں چلنے اور دھند کی وجہ سے کورے کے باعث نئے چھوٹے باغات اور نرسریوں خصوصاً آم کے پودوں کے جھلسنے کا خطرہ پیدا ہوتاہے،ایسی صورت حال میں باغبانوں کوپودوں کو فوری ڈھانپنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ترجمان محکمہ زراعت عدیل احمد نے کہا کہ زیادہ سردی اور کورے کے باعث پودوں کے تنوں، شاخوں اور پتوں …
فیصل آباد، باغبانوں کو پودوں کو فوری طور پر ڈھانپنے کی ہدایت

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 30 دسمبر (اے پی پی):سردی کی شدت میں اضافے، برفانی ہوائیں چلنے اور دھند کی وجہ سے کورے کے باعث نئے چھوٹے باغات اور نرسریوں خصوصاً آم کے پودوں کے جھلسنے کا خطرہ پیدا ہوتاہے،ایسی صورت حال میں باغبانوں کوپودوں کو فوری ڈھانپنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ترجمان محکمہ زراعت عدیل احمد نے کہا کہ زیادہ سردی اور کورے کے باعث پودوں کے تنوں، شاخوں اور پتوں کے خلیوں میں پانی جم کر برف بن جاتا ہے جس سے پودوں کی بڑھوتری بری طرح متاثر ہوتی ہے اور شدید سردی کی وجہ سے پودے مر بھی جاتے ہیں اس لئے پودوں کو زیادہ سردی اور کورے سے بچانے کیلئے کاشتکار محکمہ زراعت کی سفارشات پر عمل کریں۔
انہوں نے کہا کہ نئے چھوٹے باغات اور نرسریوں خصوصاً آم کے پودوں کوکورے سے بچانے کیلئے ٹہنیوں اور سرکنڈے سے بھی پودوں کو جزوی طور پر ڈھانپا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مشاہدہ میں آیا ہے کہ بعض اوقات کاشتکار کھاد والی پلاسٹک کی بوریوں سے پودوں کو ڈھانپ دیتے ہیں لہٰذاایسی صورت میں بوریوں کا منہ نیچے سے کھلا رکھیں اور دن کے وقت پودوں سے بوریاں اتار دیں جبکہ رات کو پودوں کو دوبارہ ڈھانپ دیں۔
انہوں نے کہا کہ کاشتکار فصلوں ، باغات اور سبزیوں کی ہلکی آبپاشی کریں اور باغات میں پودوں کے تنوں کو بورڈ و پیسٹ لگائیں اسی طرح چھوٹی نرسریوں اور سبزیوں کو پلاسٹک شیٹ سے ڈھانپ دیں اور فصل کے شمال کی طرف سرکنڈہ لگا دیں تاکہ فصل شمال کی طرف سے آنے والی ٹھنڈی ہوا سے محفوظ رہے۔








