پشاور۔ 08 جنوری (اے پی پی):پشاور یونیورسٹی میں وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کرنے سے طلباء خوشی کا اظہار کر رہے ہیں اور ان کے چہروں پر فخر، اعتماد اور نئے سرے سے تعلیمی عزم کی جھلک نظر آتی ہے، طلباء نے اس اقدام کو علم کا ایک ذریعہ اور پاکستان کے نوجوانوں کےلئے امید کی کرن قرار دیا ہے،جن طلباء کو وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم …
وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم، خیبر پختونخوا کے طلباء کےلیے مواقع تک رسائی کا اقدام

مزید خبریں
پشاور۔ 08 جنوری (اے پی پی):پشاور یونیورسٹی میں وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کرنے سے طلباء خوشی کا اظہار کر رہے ہیں اور ان کے چہروں پر فخر، اعتماد اور نئے سرے سے تعلیمی عزم کی جھلک نظر آتی ہے، طلباء نے اس اقدام کو علم کا ایک ذریعہ اور پاکستان کے نوجوانوں کےلئے امید کی کرن قرار دیا ہے،جن طلباء کو وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت لیپ ٹاپ ملے ان میں سے ایک طالبہ حرا خان آفریدی بھی ہیں جو آئی آر کی تیسری سمسٹر کی طالبہ ہیں اور ضلع خیبر سے تعلق رکھتی ہیں جو پرانے فاٹا علاقے کا حصہ ہے جہاں تعلیمی وسائل تک رسائی ہمیشہ محدود رہی ہے۔یونیورسٹی میں ایک تقریب کے دوران وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام سے لیپ ٹاپ وصول کرتے ہوئے حرا آفریدی نے اس سکیم کو پسماندہ علاقوں کے طلباء کےلئے زندگی بدلنے والا پروگرام قرار دیا۔
حرا آفریدی نے قومی خبر رساں ادارے ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جیسے طلباء کے لئے یہ صرف لیپ ٹاپ ایک ڈیوائس نہیں ہے بلکہ یہ ڈیجیٹل تعلیم، تحقیق کے مواقع اور تعلیمی ترقی تک رسائی کا ذریعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سابقہ فاٹا کے بہت سے طلباء کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کےلیے محدود وسائل کی وجہ سے غیر معمولی جدوجہد کرنے کی ضرورت ہوتی ہے، اس طرح کے اقدام سے طویل تعلیمی خلیج کو ختم کرنے اور ذہین طلباء کو تعلیمی دھارے میں لانے میں مدد ملتی ہے۔انہوں نے کہا کہ طلباء پر سرمایہ کاری دراصل پاکستان کے مستقبل اور معاشی ترقی پر سرمایہ کاری ہے۔انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جب نوجوانوں کو ایسے وسائل اور اعتماد کے ساتھ بااختیار بنایا جاتا ہے تو وہ علم اور مقصد کے ساتھ قوم کی خدمت کرنے کےلئے بہتر طور پر تیار ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’’شکریہ، وزیراعظم! میں آپ کا ویژن ہوں، میں ایک بااختیار نوجوان ہوں، میں پاکستان ہوں‘‘۔ وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے ایک اور طالبعلم محمد بلال جواد جو پشاور یونیورسٹی میں بین الاقوامی تعلقات (آئی آر) کے تیسرے سمسٹر کے طالبعلم ہیں اور ان کا تعلق صوابی سے ہے، نے بھی اسی طرح کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے اس سکیم کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ اس سکیم نے سیکھنے اور جدت پسندی کی نئی راہیں کھول دی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ لیپ ٹاپ محض ایک مشین نہیں ہے بلکہ یہ دنیا سے جڑنے، زیادہ مؤثر طریقے سے تحقیق کرنے اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کا ایک موقع ہے، میں ملک کے طلبہ کےلیے ایسے معنی خیز اقدامات کرنے پر وزیراعظم پاکستان کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔بلال جواد نے خیبر پختونخوا حکومت پر بھی زور دیا کہ وہ خاص طور پر دور افتادہ اور پسماندہ علاقوں کے طلبہ کےلیے اسی طرح کے اقدامات متعارف کروائے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم پر سرمایہ کاری دراصل قوم کے مستقبل پر سرمایہ کاری ہے۔سوات سے تعلق رکھنے والے انگریزی کے ساتویں سمسٹر کے طالب علم عادل شاہ نے کہا کہ ان کےلیے یہ لیپ ٹاپ بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے حوصلہ افزائی کی ایک علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ سہولت میری تعلیمی سرگرمیوں میں بہت معاون ثابت ہوگی، اس کی مدد سے مجھے علم کے نئے ذرائع تک رسائی حاصل ہوگی، میں اپنی اسائنمنٹس زیادہ مؤثر طریقے سے مکمل کر سکوں گا اور اپنے سیکھنے کے عمل کو مزید بہتر بنا سکوں گا۔انہوں نے اس سکیم کا دائرہ کار خیبر پختونخوا کے طلبہ تک بڑھانے پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس طرح کے اہم اقدامات نے نوجوانوں کے دل اور دماغ جیت لیے ہیں۔
وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت ملک بھر کی سرکاری یونیورسٹیوں کے طلبہ میں مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا رہے ہیں جن میں خیبر پختونخوا کے ہزاروں مستحق طلبہ بھی شامل ہیں۔حکام کے مطابق اب تک دس لاکھ سے زائد لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا چکے ہیں جن میں سے 14,000 خیبر پختونخوا کے طلبہ میں تقسیم کئے جا رہے ہیں،اس سکیم کے تحت پشاور یونیورسٹی کے طلبہ کو بھی 2,400 لیپ ٹاپ فراہم کیے گئے۔بہت سے طلباء خاص طور پر پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کےلیے یہ اقدام محض ایک فلاحی پروگرام نہیں بلکہ پاکستان کے نوجوانوں کے روشن اور ہمہ گیر مستقبل کی جانب ایک سنگ میل ہے۔








