الحمرا فن اور سنیما کو فروغ دیکر فکری وسعت، ثقافتی ہم آہنگی اور مثبت قومی تشخص کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے،رضی احمد

لاہور۔19جنوری (اے پی پی):لاہور آرٹس کونسل الحمرا نے اپنے فلم کلب کے تحت عالمی سنیما کے عظیم شاہکار فلموں کو عوام بالخصوص نوجوان نسل تک پہنچانے کے سلسلے کو کامیابی کے ساتھ جاری رکھا ہوا ہے۔ اسی تسلسل میں معروف اطالوی فلم ساز فیڈریکو فیلینی کی شہرہ آفاق فلم 8 کی الحمرا میں خصوصی نمائش کی گئی،جسے فلم کے طلبہ، ناقدین اور سنیما سے وابستہ حلقوں کی جانب سے بھرپور …

لاہور۔19جنوری (اے پی پی):لاہور آرٹس کونسل الحمرا نے اپنے فلم کلب کے تحت عالمی سنیما کے عظیم شاہکار فلموں کو عوام بالخصوص نوجوان نسل تک پہنچانے کے سلسلے کو کامیابی کے ساتھ جاری رکھا ہوا ہے۔

اسی تسلسل میں معروف اطالوی فلم ساز فیڈریکو فیلینی کی شہرہ آفاق فلم 8 کی الحمرا میں خصوصی نمائش کی گئی،جسے فلم کے طلبہ، ناقدین اور سنیما سے وابستہ حلقوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔یہ نمائش لاہور آرٹس کونسل الحمرا کے اس فعال اور متحرک کردار کی عکاس ہے،جس کے تحت عالمی ثقافتی ورثے کو پاکستان کے ابھرتے ہوئے تخلیقی ذہنوں سے جوڑا جا رہا ہے۔

الحمرا فلم کلب کے زیرِ اہتمام معیاری،فکری اور تاریخی فلموں کی نمائش نہ صرف فلمی شعور کو فروغ دے رہی ہے بلکہ نوجوان نسل کو تخلیقی مکالمے،تنقیدی سوچ اور عالمی سنیما کے ارتقائی سفر سے آگاہ بھی کر رہی ہے۔اس موقع پر چیئرمین لاہور آرٹس کونسل الحمرا رضی احمد نے اپنے پیغام میں کہا کہ الحمرا عالمی معیار کے فن اور سنیما کو فروغ دیکر فکری وسعت، ثقافتی ہم آہنگی اور مثبت قومی تشخص کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے،جو پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے ناگزیر ہے۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرا محمد نواز گوندل نے کہا کہ فلم محض تفریح نہیں بلکہ شعور،فکر اور اظہار کا ایک طاقتور ذریعہ ہے،الحمرا ایسے پلیٹ فارمز مہیا کرتا رہے گا جہاں نوجوان عالمی سنیما کے عظیم تجربات سے سیکھ سکیں اور اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو نکھار سکیں۔فلم 8 کو عالمی سنیما کی تاریخ کی موثر ترین اور انقلابی تخلیقات میں شمار کیا جاتا ہے۔

یہ فلم ایک معروف فلم ساز کی تخلیقی کشمکش، ذاتی الجھنوں اور ذہنی انتشار کو نہایت منفرد اور علامتی اسلوب میں پیش کرتی ہے،جہاں یادیں، خواب، حقیقت اور تخیل ایک دوسرے میں مدغم ہو کر ایک گہرا فکری بیانیہ تشکیل دیتے ہیں۔

روایتی کہانی کے سانچے سے ہٹ کر یہ فلم فنکار کے باطن کا عمیق مطالعہ پیش کرتی ہے اور سنیما کو ذاتی اظہار کی ایک طاقتور اور آزاد صورت کے طور پر متعارف کرواتی ہے۔ فیلینی کی تجریدی اور علامتی فلمی زبان نے دنیا بھر کے فلم سازوں کو نئی فکری سمتیں اور تخلیقی آزادی عطا کی۔

مزید خبریں