بھکر میں بروقت بارشوں کے باعث چار لاکھ ایکڑ رقبے پر چنے کی کاشت

بھکر۔ 21 جنوری (اے پی پی):صحرائے تھل بھکر کے وسیع ریگزار، جو گزشتہ ایک دہائی سے بارشوں کی کمی کے باعث صحرا کا منظر پیش کر رہے تھے، امسال دسمبر اور جنوری میں بروقت بارشوں کے بعد ایک بار پھر سرسبز ہو گئے ہیں۔ بارشوں کی اس نعمت نے نہ صرف تھل کی فضا بدل دی ہے بلکہ کاشتکاروں کے چہروں پر بھی امید کی نئی کرن روشن کر دی …

بھکر۔ 21 جنوری (اے پی پی):صحرائے تھل بھکر کے وسیع ریگزار، جو گزشتہ ایک دہائی سے بارشوں کی کمی کے باعث صحرا کا منظر پیش کر رہے تھے، امسال دسمبر اور جنوری میں بروقت بارشوں کے بعد ایک بار پھر سرسبز ہو گئے ہیں۔ بارشوں کی اس نعمت نے نہ صرف تھل کی فضا بدل دی ہے بلکہ کاشتکاروں کے چہروں پر بھی امید کی نئی کرن روشن کر دی ہے۔ضلع بھکر میں اس سال تقریباً چار لاکھ ایکڑ رقبے پر چنے کی کاشت کی گئی ہے، جس میں سفید، لال اور سیاہ اقسام شامل ہیں۔ خاص طور پر منکیرہ اور دلے والا کے علاقوں میں پیدا ہونے والا چنا اپنی اعلیٰ کوالٹی، ذائقے اور غذائی افادیت کے باعث نہ صرف ملکی بلکہ عالمی منڈیوں میں بھی نمایاں مقام رکھتا ہے۔محکمہ زراعت کے مطابق موافق موسمی حالات اور بروقت بارشوں کے باعث امسال فی ایکڑ تین بوری تک پیداوار متوقع ہے، جو گزشتہ کئی برسوں کے مقابلے میں ایک حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔ زرعی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر موسم اسی طرح سازگار رہا تو پیداوار میں مزید اضافے کے امکانات بھی موجود ہیں۔

دالوں کے ماہرین کے مطابق تھل خصوصاً دلے والا کے “بٹل چنے” اعلیٰ معیار کی دال چنا کے طور پر جانے جاتے ہیں، جو پروٹین، فائبر اور معدنیات سے بھرپور ہونے کے باعث غذائی اعتبار سے نہایت اہم ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس خطے میں پیدا ہونے والے چنے کو عالمی مارکیٹ میں برآمد کیا جاتا ہے اور یہ زرِ مبادلہ کمانے کا ایک اہم ذریعہ بن چکا ہے۔ماہرینِ معیشت کے مطابق چنے کی بہتر پیداوار سے نہ صرف مقامی کاشتکاروں کی معاشی حالت بہتر ہوگی بلکہ علاقائی زرعی کاروبار، دالوں کی صنعت اور غذائی تحفظ کو بھی فروغ ملے گا۔ کاشتکاروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں معیاری بیج، جدید زرعی سہولیات اور برآمدی مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ تھل کی زرعی پیداوار کو عالمی سطح پر مزید متعارف کرایا جا سکے۔بروقت بارشوں اور بہتر پیداوار نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ اگر قدرتی وسائل اور حکومتی سرپرستی میسر ہو تو صحرائے تھل بھی زرعی خوشحالی اور کاروباری ترقی کی ایک روشن مثال بن سکتا ہے۔