پشاور۔ 21 جنوری (اے پی پی):ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کے زیرِ اہتمام پشاور میں 2 روزہ ویمن ایکسپورٹرز نیٹ ورکنگ نمائش شروع ہوگئی۔ اس نمائش کا مقصد خواتین میں انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینا اور پاکستان، بالخصوص خیبر پختونخوا کی متنوع برآمدی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے۔ نمائش کا باقاعدہ افتتاح مشیرِ وزیر اعلیٰ برائے خزانہ اور بین الصوبائی رابطہ مزمل اسلم نے کیا۔ انہوں نے …
ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے زیر اہتمام پشاور میں 2 روزہ ویمن ایکسپورٹرز نیٹ ورکنگ نمائش شروع

مزید خبریں
پشاور۔ 21 جنوری (اے پی پی):ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کے زیرِ اہتمام پشاور میں 2 روزہ ویمن ایکسپورٹرز نیٹ ورکنگ نمائش شروع ہوگئی۔ اس نمائش کا مقصد خواتین میں انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینا اور پاکستان، بالخصوص خیبر پختونخوا کی متنوع برآمدی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے۔ نمائش کا باقاعدہ افتتاح مشیرِ وزیر اعلیٰ برائے خزانہ اور بین الصوبائی رابطہ مزمل اسلم نے کیا۔ انہوں نے ٹی ڈی اے پی کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے خواتین کاروباری افراد کو بااختیار بنانے اور صوبے میں چھوٹی اور درمیانی صنعتوں (ایس ایم ایز) کے شعبے کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔ افتتاحی تقریب میں ڈائریکٹر جنرل ویمن انٹرپرینیورز ڈویژن (ٹی ڈی اے پی) فوزیہ پروین، ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدر قرۃ العین، بے نظیر بھٹو شہید ویمن یونیورسٹی پشاور کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صفیہ احمد، ڈائریکٹر ٹی ڈی اے پی پشاور نعمان بشیر سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ماہرین اور کاروباری خواتین نے شرکت کی۔
اس موقع پر صوبائی مشیر خزانہ مزمل اسلم نے اپنے خطاب میں کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت ایس ایم ای سیکٹر کے فروغ اور کاروباری افراد کےلئے معاشی مواقع پیدا کرنے کے لئے سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے کاروباری افراد بے پناہ ٹیلنٹ کے حامل ہیں۔ انہوں نے خواتین شرکا پر زور دیا کہ وہ اپنی سماجی و اقتصادی خودمختاری کے لئے شروع کیے گئے حکومتی اقدامات اور ترقیاتی پروگراموں سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے انہیں مستقبل کی حکومتی پالیسیوں میں شامل کرنے کےلئے عملی اور پائیدار آمدنی پیدا کرنے والی تجاویز پیش کرنے کی ترغیب بھی دی۔ شرکا کو خوش آمدید کہتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ویمن انٹرپرینیورز ڈویژن (ٹی ڈی اے پی) فوزیہ پروین نے کہا کہ ویمن ایکسپورٹرز نیٹ ورکنگ نمائش مہارت کے فروغ ، نیٹ ورکنگ اور مارکیٹ تک رسائی کے ذریعے تجارت اور برآمدات میں خواتین کی شرکت بڑھانے کےلئے ٹی ڈی اے پی کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔
انہوں نے ویمن ایکسپورٹرز نیٹ ورکنگ نمائش کو خواتین کےلئے پاکستان کی سب سے بڑی مخصوص نمائش قرار دیا جو خواتین کے زیرِ انتظام چلنے والے کاروباروں کو اپنی مصنوعات کی نمائش اور برآمدی مواقع تلاش کرنے کے لئے ایک منفرد پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نمائش خواتین کاروباری افراد، خاص طور پر خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والی خواتین کو مصنوعات کی وسیع رینج پیش کرنے، مارکیٹ روابط قائم کرنے اور اپنی برآمدی مہارتوں کو مضبوط بنانے کے قابل بناتی ہے۔ ایسی قومی سطح کی نمائشیں خواتین کی کاروباری صلاحیتوں کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ویمن ایکسپورٹرز نیٹ ورکنگ نمائش 2026 میں ٹیکسٹائل، ملبوسات، زیورات، دستکاری، کوک ویئر، ہربل سکن کیئر، ای کامرس اور برآمدی معیار کی حامل دیگر مصنوعات کے سٹالز لگائے گئے ہیں جو پاکستانی خواتین کی تخلیقی صلاحیتوں کی عکاسی کرتے ہیں۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ٹی ڈی اے پی نعمان بشیر نے کہا کہ یہ نمائش خیبر پختونخوا کی خواتین کو قومی سطح پر اپنا کام پیش کرنے اور ملک بھر کی متاثر کن خواتین کی کامیابیوں کا جشن منانے کا موقع فراہم کرتی ہے۔انہوں نے مارکیٹ تک رسائی اور کاروباری شراکت داری کو فروغ دے کر خواتین کی مدد کرنے کے ٹی ڈی اے پی کے عزم کا اعادہ کیا۔ نمائش کل(جمعرات) تک جاری رہے گی اور اس کے اختتام پر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔








