ڈی جی بازار قابل عمل ڈیجیٹل سلوشن ہے جس سے غیر منظم پرچون کے شعبہ کیلئے کاروبار دوست ایکو سسٹم مہیا کیا جائے گا، انجینئر عاصم منیر

فیصل آباد۔ 22 جنوری (اے پی پی):چھوٹے دوکانداروں اور کاروباری افراد کو مفت ڈی جی کھاتہ اور ڈی جی دوکان کی سہولت مہیا کرنے کے بعد ڈی جی بازار کا انوکھا، اچھوتا اور قابل عمل ڈیجیٹل سلوشن پیش کر دیا ہے جس کے تحت پاکستان کے غیر منظم پرچون کے شعبہ کیلئے کاروبار دوست ایکو سسٹم مہیا کیا جائے گا۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف …

فیصل آباد۔ 22 جنوری (اے پی پی):چھوٹے دوکانداروں اور کاروباری افراد کو مفت ڈی جی کھاتہ اور ڈی جی دوکان کی سہولت مہیا کرنے کے بعد ڈی جی بازار کا انوکھا، اچھوتا اور قابل عمل ڈیجیٹل سلوشن پیش کر دیا ہے جس کے تحت پاکستان کے غیر منظم پرچون کے شعبہ کیلئے کاروبار دوست ایکو سسٹم مہیا کیا جائے گا۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ کی نمائندگی کرتے ہوئے نائب صدر انجینئر عاصم منیر نے کہا کہ ڈیجیٹل بزنس اور مصنوعی ذہانت نے کاروباری سرگرمیوں کو نئی جہت دی ہے تاکہ وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ کاروباری ضرورتوں کو پورا کیاجا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ کو چھوٹے کاروباری حضرات،صنعتکاروں اور پرچون فروشوں کی ضرورتوں کیلئے پہلا پورٹل ڈی جی کھاتہ فیصل آباد کے ایک معروف اکاؤنٹنٹ عدنان اسلم نے متعارف کرایاتھا جس کو ہر کاروباری شخص با آسانی اپنے موبائل فون پر اپ لوڈ کر سکتاہے۔ یہ نظام انتہائی محفوظ اورآسان ہے جسے معمولی پڑھا لکھا شخص بھی اپنے موبائل پر کریڈٹ و بزنس لیجر بھی کھول اور استعمال کر سکتا ہے۔

یہ سو فیصد مفت ہے جس سے کتابوں میں اندراج کی ضرورت نہیں رہتی اور اس کو دفتر اور دوکان کے علاوہ بھی ہرجگہ پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس ایپ کو 2020میں متعارف کروایاتھا اور اب تک ہزاروں افراد اس سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ فیصل آباد چیمبر کی طرف سے بھی عدنان اسلم کو سٹار آف فیصل آباد کے ایوارڈ سے نوازا گیاتھا۔انہوں نے اس سلسلہ میں محمد اظہر چوہدری کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ انہوں نے فیصل آباد میں مختلف بزنس کے فروغ کیلئے گرانقدر خدمات سر انجام دی ہیں جبکہ ان کو بین الاقوامی سطح کی منفرد اکنامک کانفرنس منعقد کرنے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے ڈی جی بازار کی پری لانچنگ تقریب کو بھی سراہا اور کہا کہ اس سے فیصل آباد میں کاروباری ماحول کو تیزی سے ڈیجیٹلائز کرنے کی راہ ہموار ہو گی۔

انہوں نے کاروباری لوگوں پر زور دیا کہ وہ اس مفت سہولت سے فائدہ اٹھائیں تاکہ وہ تیزی سے بدلتے ہوئے کاروباری حالات کے مطابق اپنے کاروبار کو محفوظ کرنے کے ساتھ ساتھ توسیع بھی دے سکیں۔ عدنان اسلم نے بتایا کہ ڈی جی بازار شیخوپورہ روڈ کے سوہا مال میں قائم کیا جائے گا جس میں ملک کے 145سرکردہ برانڈ اپنی مصنوعات کی نمائش کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی کھاتہ صرف پرچون فروشوں کیلئے تھا جبکہ ڈی جی بازار سے مینو فیکچررز بھی اپنے کاروبار کو توسیع دے سکیں گے۔ انہوں نے اس کے بزنس ماڈیول اور دیگر سہولتوں کے بارے میں بھی بتایا اور کہا کہ انہوں نے لین دین کیلئے المشرق بینک سے شراکت داری کر لی ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر خرم طارق، عاطف منیر شیخ، ریحان نسیم بھراڑہ کے علاوہ ایگزیکٹو ممبر محمد علی، رانا فیصل اور اویس مختار کے علاوہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان فیصل آباد کے ڈائریکٹر راؤ فضل الرحمن اور ڈپٹی ڈائریکٹر حافظ کامران بھی موجود تھے۔