ڈائریکٹر زراعت سرگودہا ڈویژن کا ماڈل ایگری مال کا دورہ، کسانوں کو فراہم کی جانے والی جدید زرعی سہولیات کا جائزہ لیا

سرگودہا ۔ 22 جنوری (اے پی پی):ڈائریکٹر زراعت سرگودہا ڈویژن محمد شاہد حسین نے ماڈل ایگری مال کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی زرعی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت محمد شاہد حسین نے کہا کہ ماڈل ایگری مال میں زراعت، لائیو اسٹاک، جدید زرعی مشینری، بیج، کھاد اور دیگر متعلقہ سہولیات کسانوں کو ایک ہی چھت تلے فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں …

سرگودہا ۔ 22 جنوری (اے پی پی):ڈائریکٹر زراعت سرگودہا ڈویژن محمد شاہد حسین نے ماڈل ایگری مال کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی زرعی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت محمد شاہد حسین نے کہا کہ ماڈل ایگری مال میں زراعت، لائیو اسٹاک، جدید زرعی مشینری، بیج، کھاد اور دیگر متعلقہ سہولیات کسانوں کو ایک ہی چھت تلے فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے انچارج ایگری مال اسفند قریشی سے مختلف ڈسپلے پوائنٹس، سروس سیکٹر اور سہولیات کے بارے میں بریفنگ لی۔ انچارج ایگری مال اسفند قریشی نے آگاہ کیا کہ یہ مرکز مکمل طور پر فعال ہے اور کسانوں کی جانب سے اس پر نہایت مثبت ردعمل سامنے آرہا ہے۔ یہاں ایگری گریجویٹس کسانوں کو جدید زرعی طریقوں اور رہنمائی فراہم کر رہے ہیں۔

ایگری مال کی ٹائمنگ صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک ہے جبکہ یہاں ایک ٹریڈنگ سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے۔ اس منصوبے میں 22 مختلف ادارے بطور اسٹیک ہولڈرز شامل ہیں جو باہمی اشتراک سے کام کر رہے ہیں جبکہ کسانوں تک حکومتی سہولیات پہنچانے کے لیے فیلڈ وزٹس بھی کیے جا رہے ہیں۔ ڈائریکٹر زراعت محمد شاہد حسین نے کہا کہ ماڈل ایگری مال کسانوں کے لیے نہایت مفید منصوبہ ہے جو زرعی پیداوار میں اضافے اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اُنہوں نے ایگری مال کی مجموعی کارکردگی کو سراہا اور اسے کسان دوست اقدام قرار دیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت اور دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔