طاہر چوہدری اسلام آباد۔ 23 جنوری (اے پی پی):وفاقی محتسب کا ادارہ پاکستان میں عوامی شکایات کے ازالے اور گڈ گورننس کے فروغ کی روشن مثال بن چکا ہے۔ 24 جنوری 1983ء کو قائم ہونے والا یہ ادارہ اپنے قیام کے 43 برس مکمل کر چکا ہے اور اس عرصے کے دوران ساڑھے 25 لاکھ سے زائد شکایات نمٹانے کا نمایاں ریکارڈ قائم کر چکا ہےجو عوام کے اعتماد اور …
وفاقی محتسب کا ادارہ عوامی انصاف کی علامت ، 43 سال میں 25 لاکھ درخواستیں نمٹائیں

مزید خبریں
طاہر چوہدری
اسلام آباد۔ 23 جنوری (اے پی پی):وفاقی محتسب کا ادارہ پاکستان میں عوامی شکایات کے ازالے اور گڈ گورننس کے فروغ کی روشن مثال بن چکا ہے۔ 24 جنوری 1983ء کو قائم ہونے والا یہ ادارہ اپنے قیام کے 43 برس مکمل کر چکا ہے اور اس عرصے کے دوران ساڑھے 25 لاکھ سے زائد شکایات نمٹانے کا نمایاں ریکارڈ قائم کر چکا ہےجو عوام کے اعتماد اور ادارے کی کارکردگی کا واضح ثبوت ہے۔وفاقی محتسب کا پہلا صدر دفتر اسلام آباد میں قائم کیا گیا، بعد ازاں چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں علاقائی دفاتر قائم کیے گئے۔ اس وقت ہیڈ آفس اسلام آباد سمیت ملک بھر میں وفاقی محتسب کے 28 علاقائی دفاتر اور شکایات مراکز فعال ہیں، جو شہریوں کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔قیام کے 43 سال مکمل ہونے پر وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے اپنے پیغام میں کہا کہ افسران اور عملے کی مسلسل محنت، لگن اور پیشہ ورانہ وابستگی کے باعث وفاقی محتسب کا ادارہ ملک میں گڈ گورننس کی ایک قابلِ تقلید مثال بن کر ابھرا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ادارے نے سرکاری دفاتر اور محکموں میں شفافیت، جوابدہی، قانون کی حکمرانی اور انتظامی بہتری کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔وفاقی محتسب کے مطابق ادارے نے اپنی رسائی بڑھانے کے لیے کھلی کچہریوں، نئے علاقائی دفاتر کے قیام اور آئی آر ڈی جیسے جدید اقدامات متعارف کرائے، جس کے نتیجے میں عوامی شکایات میں نمایاں اضافہ ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ صرف سال 2025ء کے دوران 2 لاکھ 61 ہزار 101 شکایات کے فیصلے کیے گئے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام وفاقی محتسب کے فورم کو مؤثر اور قابلِ اعتماد سمجھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 43 برسوں کے دوران جن خاندانوں کو ریلیف فراہم کیا گیا، ان کی بڑی تعداد کا تعلق معاشرے کے پسے ہوئے طبقات اور دور دراز علاقوں سے تھا، جہاں انصاف تک رسائی ایک بڑا چیلنج سمجھی جاتی ہے۔ وفاقی محتسب کا ادارہ اس خلا کو پُر کرنے میں کامیاب رہا ہے۔
وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ادارہ بدانتظامی کے خاتمے، گڈ گورننس کے قیام، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے تحفظ کے بنیادی مقاصد کے حصول کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب آج جس مقام پر فائز ہے، وہ صدر دفتر اور علاقائی دفاتر میں خدمات انجام دینے والے افسران اور عملے کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔انہوں نے افسران اور عملے پر زور دیا کہ عوامی شکایات کے فوری اور مؤثر ازالے کو اولین ترجیح بنایا جائے، تاکہ عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہو۔ وفاقی محتسب نے اس اعتماد کا اظہار بھی کیا کہ آنے والے دنوں میں یہ ادارہ مزید مستحکم، مؤثر اور عوام دوست بنتا چلا جائے گا۔








