حکومت برآمدکنندگان کے حقوق کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے،خواجہ محمد آصف

سیالکوٹ۔ 23 جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ حکومت برآمدکنندگان کے حقوق کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے آڈیٹوریم میں بزنس کمیونٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام، گروپ لیڈر سیالکوٹ بزنس کمیونٹی ریاض الدین شیخ، صدر سیالکوٹ چیمبر آف …

سیالکوٹ۔ 23 جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ حکومت برآمدکنندگان کے حقوق کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے آڈیٹوریم میں بزنس کمیونٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام، گروپ لیڈر سیالکوٹ بزنس کمیونٹی ریاض الدین شیخ، صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سید احتشام مظہر، سینئر نائب صدر محمد مراد ارشد، نائب صدر سلمان شیخ، سابق صدور، سابق عہدیداران، مختلف ایسوسی ایشنز کے نمائندگان اور بزنس کمیونٹی کے اراکین نے شرکت کی۔وفاقی وزیر دفاع نے چیمبر کے عہدیداران کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ فنڈ برآمدکنندگان کا اپنا پیسہ ہے، جو انہی کی فلاح و بہبود پر خرچ ہونا چاہیے، حکومت کا اس پر کوئی حق نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنے ہر دورِ حکومت میں خلوص نیت سے عوام کی خدمت کی اور عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے میگا منصوبے شروع کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب بھی مسلم لیگ (ن) اقتدار میں آئی، ملک نے ترقی کی۔سیالکوٹ میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ گزشتہ دو روز کے دوران سیالکوٹ لاری اڈہ شہر سے باہر منتقل کرنے کے لیے فنڈز موصول ہو چکے ہیں، جس سے شہر کے اندر ٹریفک کے مسائل حل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال لائبریری کی تزئین و آرائش ایک سو ملین روپے کی لاگت سے کی جا رہی ہے اور اسے ڈیجیٹل سہولیات سے آراستہ کر کے جدید لائبریری میں تبدیل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں یہ لائبریری مسلم لیگ کی لائبریری تھی جو وقت کے ساتھ ضلعی حکومت کے زیرِ انتظام آ گئی، جبکہ اس میں 80 سے 90 فیصد حصہ ان کے والد مرحوم خواجہ محمد صفدر کا ہے اور ان کی ذاتی کتابیں بھی اسی لائبریری میں موجود ہیں۔

خواجہ محمد آصف نے کہا کہ وہ کوشش کریں گے کہ علامہ اقبال لائبریری کو شہر میں بننے والے پارک کا حصہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شاعرِ مشرق علامہ اقبال برصغیر کے مسلمانوں اور اس ملک کے عظیم محسن تھے اور ہمیشہ محسن کے طور پر یاد رکھے جائیں گے۔ انہوں نےکہا کہ شہر کے وسط میں واقع علامہ اقبال کے گھر کو جانے والی سڑک کی ازسرِنو تعمیر کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ لاہور کی طرز پر سیالکوٹ کے اندرونِ شہر کی سڑکیں بھی تعمیر کی جائیں گی، بجلی کی تاریں زمین کے نیچے منتقل کی جائیں گی اور غیر ضروری پارکنگ ختم کی جائے گی، جس سے شہر میں رش کم ہوگا۔انہوں نے مزید بتایا کہ ریلوے روڈ سیالکوٹ پر چار کنال رقبے پر پارکنگ پلازہ تعمیر کیا جائے گا تاکہ ٹریفک کے دباؤ میں کمی لائی جا سکے۔

خواجہ محمد آصف نے کہا کہ گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کے لیے ایمن آباد روڈ پر دو سو ایکڑ اراضی مختص کی گئی ہے جو اصل ضرورت سے زیادہ ہے، وہ کوشش کر رہے ہیں کہ اس میں سے کچھ یا زیادہ رقبہ سرکاری دفاتر، جوڈیشل کمپلیکس اور پولیس لائنز کے لیے مختص کیا جائے تاکہ شہر کے اندر موجود دفاتر کو ایمن آباد روڈ منتقل کیا جا سکے اور شہر کے اندر موجود 52 ایکڑ اراضی پر پارک تعمیر کیا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے واسا کو شہر کے تمام منصوبوں اور نظام کی بہتری کے لیے 16 ارب روپے کی منظوری دی ہے۔وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ 16.49 کلومیٹر رنگ روڈ کے پہلے مرحلے میں سمبڑیال، ڈسکہ اور ایمن آباد روڈ کو شامل کیا جائے گا جبکہ دوسرے مرحلے میں ایمن آباد سے پسرور تک رنگ روڈ تعمیر کی جائے گی، جو نیم دائرے کی شکل میں ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے فنڈز دستیاب ہیں، آج منظوری دی جا رہی ہے اور آئندہ دو ماہ میں ٹینڈر منظور ہو جائیں گے، جبکہ تکمیل کا ہدف سال 2029 مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح سیالکوٹ۔کھاریاں موٹر وے کو بھی 2029 تک روا ت تک مکمل کرنے کا ہدف ہے۔انہوں نے بتایا کہ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ میں 700 بستروں کے ہسپتال کی منظوری بھی دی جا چکی ہے۔وفاقی وزیر دفاع نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہر سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا۔