صنعتی ترقی کےلئے پیداواری صلاحیت میں اضافہ ناگزیر ہے،سینئر نائب صدر لاہور چیمبر

اسلام آباد۔23جنوری (اے پی پی):لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ نے کہا ہے کہ صنعتی ترقی کےلئے پیداواری صلاحیت میں اضافہ ناگزیر ہے اور وسائل کے موثر استعمال سے نہ صرف لاگت میں کمی بلکہ صنعت کی مسابقت میں بھی نمایاں اضافہ ممکن ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نیشنل پروڈکٹیوٹی آرگنائزیشن (این پی او) کے زیر اہتمام پرنٹنگ و پیکیجنگ …

اسلام آباد۔23جنوری (اے پی پی):لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ نے کہا ہے کہ صنعتی ترقی کےلئے پیداواری صلاحیت میں اضافہ ناگزیر ہے اور وسائل کے موثر استعمال سے نہ صرف لاگت میں کمی بلکہ صنعت کی مسابقت میں بھی نمایاں اضافہ ممکن ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نیشنل پروڈکٹیوٹی آرگنائزیشن (این پی او) کے زیر اہتمام پرنٹنگ و پیکیجنگ انڈسٹری میں پیداواری صلاحیت میں اضافے اور وسائل کے موثر استعمال سے متعلق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کا انعقاد وزارت صنعت و پیداوار حکومت پاکستان کے تحت این پی او نے ایشیئن پروڈکٹیوٹی آرگنائزیشن (اے پی او) جاپان اور پاکستان ایسوسی ایشن آف پرنٹنگ اینڈ گرافک آرٹس انڈسٹری (پیپگائی) کے تعاون سے کیا گیا۔

کانفرنس میں این پی او کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد عالمگیر چوہدری،چیئرمین ٹیوٹا بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) محمد ساجد کھوکھر،پروگرام کے جاپانی نمائندہ سان ساتھ،سعد حلیم شیخ،فراز احمد، عامر سمیت سرکاری اور نجی شعبے کے نمائندگان،صنعت کے ماہرین،کاروباری رہنما اور متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی۔سینئر نائب صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ پرنٹنگ و پیکیجنگ انڈسٹری میں جدت کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے،پاکستانی صنعت کو عالمی معیار اپنانا ہوگا تاکہ بین الاقوامی منڈیوں میں موثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ویسٹ میں کمی سے صنعتی لاگت کم اور منافع میں اضافہ ممکن ہے جبکہ پائیدار صنعتی ترقی کےلئے جدید اور سائنسی طریقہ کار اپنانا ہوگا۔ اس موقع پر این پی او کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد عالمگیر چوہدری نے کہا کہ پیداواری صلاحیت میں اضافہ قومی ترقی کےلئے ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ این پی او کی جانب سے پرنٹنگ و پیکیجنگ انڈسٹری کی چھ کمپنیوں میں کامیابی سے پیداواری ماڈلز نافذ کئے گئے ہیں جن کے نتیجہ میں ویسٹ میں کمی اور لاگت میں نمایاں بچت ممکن ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وسائل کے موثر استعمال سے صنعتی لاگت میں کمی اور مسابقت میں اضافہ ممکن ہے جبکہ جدت ہی صنعت کی ترقی کی کنجی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ این پی او پائیدار صنعتی ترقی کے لئے اپنے اقدامات آئندہ بھی جاری رکھے گا۔چیئرمین ٹیوٹا بریگیڈیئر ریٹائرڈ محمد ساجد کھوکھر نے کہا کہ صنعتوں کو ہنر مند نوجوانوں کی فراہمی ضروری ہے۔ ٹیوٹا ہنر مند افرادی قوت کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔کانفرنس کے دوران چھ کمپنیوں کے کامیاب پیداواری کیس سٹڈیز پیش کئے گئے جبکہ ماہرین نے وسائل کے موثر استعمال،ویسٹ میں کمی،لاگت میں بچت اور پائیدار صنعتی ترقی کے اصولوں کو اپنانے پر زور دیا۔شرکا نے اس امر پر اتفاق کیا کہ جدید طریقہ کار اور جدت کے فروغ سے پاکستانی صنعت کو مضبوط اور عالمی سطح پر مسابقت کے قابل بنایا جا سکتا ہے۔

این پی او نے صنعتی ترقی کےلئے پیداواری صلاحیت بڑھانے کے اقدامات مستقبل میں بھی جاری رکھنے کا اعلان کیا۔منتظمین کے مطابق کانفرنس کا بنیادی مقصد پرنٹنگ اور پیکیجنگ سیکٹر میں جدید پیداواری طریقوں (جیسے کائزن،لین مینوفیکچرنگ )کو فروغ دینا،لاگت میں کمی لانا اور بین الاقوامی سطح پر مسابقت بڑھانا تھا۔شرکا کو عملی رہنمائی،تکنیکی آگاہی اور ڈیمو پراجیکٹ کے نتائج سے آگاہ کیا گیا۔ شرکا کو ایک دستاویزی فلم کے ذریعے وسائل کے بہتر استعمال ، توانائی کی بچت، فضلہ میں کمی اور ماحولیاتی بہتری کے فوائد کے بارے میں بتایا گیا۔کانفرنس کے اختتام پر معزز مہمانوں میں شیلڈز تقسیم کی گئیں ۔