لاہور۔23جنوری (اے پی پی):حکومتِ پاکستان کے زیرِ اہتمام تین روزہ میڈ اِن پاکستان ایس ایم ای کلسٹرز شوکیس ایکسپو کا آغاز (کل) بروز ہفتہ لاہور ایکسپو سینٹر میں ہوگا،جس کا افتتاح وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کریں گے۔اس ایکسپو کا انعقاد سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کی جانب سے وزارتِ صنعت و پیداوار کی نگرانی میں کیا جا رہا ہے۔ یہ ملک …
میڈ اِن پاکستان ایس ایم ای کلسٹرز شوایکسپو کا آغاز( کل) ہوگا

مزید خبریں
لاہور۔23جنوری (اے پی پی):حکومتِ پاکستان کے زیرِ اہتمام تین روزہ میڈ اِن پاکستان ایس ایم ای کلسٹرز شوکیس ایکسپو کا آغاز (کل) بروز ہفتہ لاہور ایکسپو سینٹر میں ہوگا،جس کا افتتاح وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کریں گے۔اس ایکسپو کا انعقاد سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کی جانب سے وزارتِ صنعت و پیداوار کی نگرانی میں کیا جا رہا ہے۔ یہ ملک کی تاریخ کا پہلا ایس ایم ای کلسٹرز شوکیس ایکسپو ہوگا،جس میں 20 سے زائد کلسٹرز سے تعلق رکھنے والے174 ایس ایم ایز اپنی مصنوعات کی نمائش کریں گے۔
ایکسپو میں غیر ملکی سفارتکاروں سمیت ملائیشیا اور آذربائیجان کی ایس ایم ای ترقیاتی ایجنسیوں کے نمائندگان کو بھی مدعو کیا گیا ہے جبکہ عوام کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔ایکسپو کا مقصد ملک میں مائیکرو،سمال اور میڈیم انٹرپرائزز کے نظام کو مضبوط بنانا،کاروباری مواقع میں اضافہ کرنا اور ایس ایم ای کلسٹرز کو قومی معیشت کا مسابقتی ستون بنانا ہے،جو وزیراعظم شہباز شریف کے ایس ایم ای ترقیاتی وژن سے ہم آہنگ ہے۔تین روزہ ایکسپو کی افتتاحی تقریب ہفتہ کے روز منعقد ہوگی، جس میں معاونِ خصوصی ہارون اختر خان بطور مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے۔
اس موقع پر سی ای او سمیڈا نادیہ جہانگیر سیٹھ، سمیڈا بورڈ آف ڈائریکٹرز کے نمائندگان اور سپانسر اداروں ایچ بی ایل، بینک الحبیب، پاک سوزوکی اور بینک آف پنجاب کے نمائندے بھی خطاب کریں گے۔افتتاحی تقریب کے بعد پاکستان میں ایس ایم ای ڈویلپمنٹ، چیلنجز اور پالیسی سلوشنز کے موضوع پر ایک سمپوزیم ہوگا،جس کی صدارت سیکرٹری وزارتِ صنعت و پیداوار سیف انجم کریں گے۔سمپوزیم سے صدر ایف پی سی سی آئی، صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ملائیشیا و آذربائیجان کی ایس ایم ای ترقیاتی ایجنسیوں کے نمائندے خطاب کریں گے۔
ایکسپو کے دوسرے دن ڈیجیٹل فنانس اور فِن ٹیک برائے ایم ایس ایم ایز پر سیشن ہوگا،جس کی میزبانی موبی لنک مائیکروفنانس بینک کرے گا جبکہ مارکیٹنگ و برانڈنگ برائے ایم ایس ایم ایز پر معروف ماہرِ مارکیٹنگ اویس بن مہتاب لیکچر دیں گے۔ بعد ازاں پبلک سیکٹر اور ایس ایم ایز کے موضوع پر ایک پینل ڈسکشن ہوگی،جس میں بورڈ آف انویسٹمنٹ، ٹی ڈی اے پی، پاکستان سنگل ونڈو، پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس، پلاننگ کمیشن، صوبائی صنعتیں کے محکمے اور اعلی تعلیمی اداروں کے نمائندے شرکت کریں گے۔ایکسپو کے تیسرے اور آخری روز بروز پیر ایف اے او کے بنانا فائبر پراجیکٹ کے حوالے سے ایک انسیپشن ورکشاپ کا انعقاد کیا جائے گا۔








