کمشنر کا ماڈل ایگری مال سرگودھا کا دورہ، کسانوں کے لیے جدید زرعی سہولیات کا جائزہ لیا

سرگودہا ۔ 23 جنوری (اے پی پی):کمشنر سرگودہا ڈویژن نے ماڈل ایگری مال سرگودھا کا دورہ کرکے کسانوں کے لیے جدید زرعی سہولیات کا جائزہ لیا ۔ کمشنر سرگودہا ڈویژن حافظ شوکت علی نے حال ہی میں مکمل ہونے والے ماڈل ایگری مال کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی زرعی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ 22 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جانے والا یہ ماڈل …

سرگودہا ۔ 23 جنوری (اے پی پی):کمشنر سرگودہا ڈویژن نے ماڈل ایگری مال سرگودھا کا دورہ کرکے کسانوں کے لیے جدید زرعی سہولیات کا جائزہ لیا ۔ کمشنر سرگودہا ڈویژن حافظ شوکت علی نے حال ہی میں مکمل ہونے والے ماڈل ایگری مال کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی زرعی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ 22 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جانے والا یہ ماڈل ایگری مال علاقے میں زرعی ترقی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ دورے کے موقع پر بتایا گیا کہ ماڈل ایگری مال میں زراعت، لائیو اسٹاک، جدید زرعی مشینری، بیج، کھاد اور دیگر متعلقہ سہولیات کسانوں کو ایک ہی چھت کے نیچے فراہم کی جا رہی ہیں۔ کمشنر کو ڈائریکٹر زراعت شاہد حسین اورایگری مال کےانچارج اسفند قریشی نے مختلف ڈسپلے پوائنٹس اور سہولیات کی فراہمی کے بارے میں بریفنگ دی۔ ایگری مال انتظامیہ نے آگاہ کیا کہ یہ مرکز گزشتہ دو ماہ سے مکمل طور پر فعال ہے اور کسانوں کی جانب سے اس پر نہایت مثبت ردعمل سامنے آیا ہے۔

یہاں ماہرین زراعت کسانوں کو جدید زرعی طریقوں اور رہنمائی فراہم کر رہے ہیں۔ ایگری مال کے اوقات صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک ھیں جبکہ یہاں ایک تجارتی مرکز بھی قائم کیا گیا ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ اس منصوبے میں 22 مختلف ادارے بطور اسٹیک ہولڈرز شامل ہیں جو باہمی اشتراک سے کام کر رہے ہیں جبکہ کسانوں تک زرعی سہولیات کے بارے آگاہی اور فراہمی کے لیے فیلڈ وزٹس بھی کیے جا رہے ہیں۔ مستقبل میں ڈرون ٹیکنالوجی سمیت مزید جدید زرعی مشینری کی فراہمی کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔ کمشنر سرگودہا حافظ شوکت علی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماڈل ایگری مال کسانوں کے لیے نہایت مفید منصوبہ ہے جو زرعی پیداوار میں اضافے اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ میں اہم کرداراداکرے گا۔ انہوں نے ایگری مال کی مجموعی کارکردگی کو سراہا اور اسے کسان دوست اقدام قرار دیا۔ دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن(ر)محمدوسیم ,اے ڈی سی ہیڈکوارٹر ماجد بن احمد ,شیخ گوھر رحمان ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت اور زراعت آفیسر شوکت حسین بھی ہمراہ تھے۔