چینی زرعی کمپنیوں کے سی ای اوز کا زرعی یونیورسٹی ملتان کا دورہ

ملتان۔ 23 جنوری (اے پی پی):چین کی معروف زرعی کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد نے محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصد پاکستان اور چین کے درمیان زرعی شعبے میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا، سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لینا اور مشترکہ تحقیقی و تعلیمی منصوبوں کے امکانات پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ ترجمان …

ملتان۔ 23 جنوری (اے پی پی):چین کی معروف زرعی کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد نے محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصد پاکستان اور چین کے درمیان زرعی شعبے میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا، سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لینا اور مشترکہ تحقیقی و تعلیمی منصوبوں کے امکانات پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ ترجمان زرعی یونیورسٹی کے مطابق دورے کے دوران چینی وفد نے یونیورسٹی انتظامیہ اور فیکلٹی اراکین سے ملاقات کی، جس میں زرعی تحقیق، جدید زرعی ٹیکنالوجی، معیاری بیج، مشینی زراعت، ویلیو ایڈیشن اور طلبہ و اساتذہ کے تبادلہ پروگرام جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ دونوں فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور چین کے مابین زرعی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے وسیع مواقع موجود ہیں

جو کسانوں کی فلاح و بہبود اور زرعی پیداوار میں نمایاں اضافے کا باعث بن سکتے ہیں۔اس موقع پر پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے حوالے سے ایک پروقار تقریب بھی منعقد کی گئی، جس میں کیک کاٹا گیا اور پاک چین دوستی، باہمی اعتماد اور دیرینہ تعلقات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔یونیورسٹی انتظامیہ نے چینی وفد کے دورے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ دورہ مستقبل میں عملی تعاون، مشترکہ منصوبوں اور زرعی شعبے کی ترقی کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا۔اس موقع پر ڈین ایگریکلچر پروفیسر ڈاکٹر حماد ندیم طاہر، ڈائریکٹر او آر آئی سی پروفیسر ڈاکٹر مبشر مہدی، پروفیسر ڈاکٹر سلمان قادری، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ڈاکٹر تنویر احمد، ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکیجز ڈاکٹر آصف خان، ڈائریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر عمار مطلوب، ڈاکٹر عثمان جمشید، انعم بخاری سمیت دیگر فیکلٹی اراکین بھی موجود تھے۔