اسلام آباد۔26جنوری (اے پی پی):پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز زبردست تیزی دیکھنے میں آئی جہاں سرمایہ کاروں کے اعتماد، مثبت معاشی اشاریوں اور مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی سرگرمی کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس نے ایک نئی بلند ترین سطح قائم کر دی۔کاروبار کے آغاز پر ہی سٹاک مارکیٹ میں غیر معمولی تیزی ریکارڈ کی گئی اور کے ایس ای 100 انڈیکس 945 سے زائد …
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تاریخی تیزی، کے ایس ای 100 انڈیکس 1 لاکھ 90 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کر گیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔26جنوری (اے پی پی):پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز زبردست تیزی دیکھنے میں آئی جہاں سرمایہ کاروں کے اعتماد، مثبت معاشی اشاریوں اور مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی سرگرمی کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس نے ایک نئی بلند ترین سطح قائم کر دی۔کاروبار کے آغاز پر ہی سٹاک مارکیٹ میں غیر معمولی تیزی ریکارڈ کی گئی اور کے ایس ای 100 انڈیکس 945 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 90 ہزار 112 پوائنٹس کی سطح عبور کر گیا۔
دورانِ کاروبار مارکیٹ میں مثبت رجحان رہا، جس کے نتیجے میں انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرار رہا۔سرمایہ کاری حلقوں کے مطابق سٹاک مارکیٹ میں یہ تیزی حکومت کی جانب سے محتاط معاشی پالیسیوں، مالیاتی نظم و ضبط، افراطِ زر میں کمی، شرحِ سود سے متعلق مثبت توقعات، اور معیشت میں استحکام کے آثار کا نتیجہ ہے۔ اس کے علاوہ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے توانائی، بینکاری، سیمنٹ اور آٹو موبائل کے شعبوں میں بھرپور دلچسپی بھی مارکیٹ کے مثبت رجحان کا سبب بنی۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1478 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 89 ہزار 166 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا، جس کے بعد موجودہ تیزی نے مارکیٹ کے تسلسل سے مضبوط ہوتے ہوئے اعتماد کو مزید تقویت دی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر موجودہ معاشی استحکام، پالیسیوں کا تسلسل اور سرمایہ کار دوست اقدامات برقرار رہے تو آئندہ دنوں میں سٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان کے تسلسل کے امکانات روشن ہیں، جو ملکی معیشت اور سرمایہ کاری ماحول کے لیے حوصلہ افزا ثابت ہوگا۔








