دبئی ، گلف فوڈ 2026 میں پاکستان پویلین کا افتتاح کردیا گیا

اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان (ٹی ڈی اے پی)نے گلف فوڈ 2026 ’’جو دنیا کی سب سے بڑی خوراک اور مشروبات کی تجارتی نمائش ہے‘‘ میں اپنی اب تک کی سب سے بڑی شرکت کے موقع پر دبئی میں پاکستان پویلین کا افتتاح کردیا۔گلف فوڈ کے 31 ویں ایڈیشن میں 195 ممالک سے تعلق رکھنے والے 8,500 نمائش کنندگان کی جانب سے 15 لاکھ سے زائد مصنوعات …

اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان (ٹی ڈی اے پی)نے گلف فوڈ 2026 ’’جو دنیا کی سب سے بڑی خوراک اور مشروبات کی تجارتی نمائش ہے‘‘ میں اپنی اب تک کی سب سے بڑی شرکت کے موقع پر دبئی میں پاکستان پویلین کا افتتاح کردیا۔گلف فوڈ کے 31 ویں ایڈیشن میں 195 ممالک سے تعلق رکھنے والے 8,500 نمائش کنندگان کی جانب سے 15 لاکھ سے زائد مصنوعات پیش کی جا رہی ہیں جو خوراک اور مشروبات کے 12 سے زائد شعبوں پر محیط ہیں۔ اس عالمی سطح کے پلیٹ فارم پر پاکستان کی نمایاں اور وسیع شرکت ملک کی برآمدات کے فروغ، عالمی منڈیوں تک رسائی اور عالمی فوڈ ویلیو چینز کے ساتھ مضبوط روابط کے لیے مسلسل کوششوں کی عکاس ہے۔

رواں سال ٹی ڈی اے پی کے زیر اہتمام نمائش میں 67 پاکستانی کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں جبکہ 75 کمپنیاں آزادانہ طور پر نمائش میں شامل ہیں۔ یہ کمپنیاں چار خصوصی پویلینزچاول، دالیں و اجناس، ورلڈ فوڈ، مشروبات اور گوشت و پولٹری میں اپنی مصنوعات کی نمائش کر رہی ہیں۔بالخصوص چاول کے شعبے سے 30 کمپنیوں کی ٹی ڈی اے پی کے تحت شرکت پاکستان کی مضبوط موجودگی اور عالمی زرعی خوراک کی منڈی میں بڑھتے کردار کو اجاگر کرتی ہے۔نمائش کے افتتاحی دن ڈائریکٹر جنرل (ایگرو ڈویژن)ٹی ڈی اے پی اطہر حسین کھوکھر، قونصل جنرل پاکستان دبئی حسین محمد اور ٹریڈ قونصلر کے ہمراہ دبئی ایکسپو سٹی (ڈی ای سی)اور دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر (ڈی ڈبلیو ٹی سی)میں قائم پاکستان پویلین کا دورہ کیا۔

اس موقع پر قونصل جنرل نے کہا کہ گلف فوڈ میں پاکستان کی اب تک کی سب سے بڑی شرکت ہماری اقتصادی سفارت کاری اور برآمدات پر مبنی ترقی کے عزم کی عکاس ہے۔ ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلر علی زیب خان نے وفد کو سٹالز کے مقامات، کنٹری برانڈنگ، پویلین کے ڈیزائن، میڈیا سرگرمیوں اور پاکستان ایسوسی ایشن دبئی میں منعقد کیے جانے والے بی ٹو بی اجلاسوں اور نیٹ ورکنگ ایونٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ڈائریکٹر جنرل ایگرو، قونصل جنرل اور ٹریڈ قونصلر نے تمام سٹالز کا دورہ کیا اور نمائش کنندگان سے تفصیلی ملاقاتیں کیں۔ ٹی ڈی اے پی کے تحت شریک 67 پاکستانی کمپنیوں نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور دبئی میں قائم پاکستانی مشن کی جانب سے فراہم کی گئی سہولت کاری کو سراہا۔

علاقائی اور بین الاقوامی خریداروں نے پاکستانی مصنوعات جن میں چاول، اجناس، ڈیری مصنوعات، مصالحہ جات، پنیر، تیار شدہ غذائیں، بیکری آئٹمز، گوشت، نمک، جوسز اور مشروبات شامل ہیں ،میں گہری دلچسپی ظاہر کی جو مضبوط طلب اور برآمدی امکانات کی نشاندہی کرتی ہے۔نمائش کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل (ایگرو ڈویژن) ٹی ڈی اے پی اطہر حسین کھوکھر نے دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں منعقدہ گلف فوڈ فیوچر فوڈ 500 سمٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ انہوں نے سمارٹ زرعی خوراکی نظام کے ارتقاء پر روشنی ڈالی، زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے حکومتی اقدامات کا خاکہ پیش اور عالمی غذائی تحفظ میں پاکستان کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔