اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):ڈائریکٹر میونسپل ایڈمنسٹریشن اسلام آباد ڈاکٹر سیدہ انعم فاطمہ نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کا دورہ کیا اور آئی سی سی آئی کی قیادت اور ممتاز کاروباری رہنماؤں کے ساتھ ایک انٹرایکٹو سیشن منعقد کیا جس کا مقصد اسلام آباد کو ایک متحرک کاروباری مرکز اور مثالی رہائشی شہر میں تبدیل کرنے کے لئے مشترکہ کوششوں کو فروغ دینا …
ڈائریکٹر میونسپل ایڈمنسٹریشن ڈاکٹر سیدہ انعم فاطمہ کا آئی سی سی آئی کا دورہ ،صنعتی اور تجارتی شعبوں کو درپیش اہم مسائل کو حل کرنے کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی

مزید خبریں
اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):ڈائریکٹر میونسپل ایڈمنسٹریشن اسلام آباد ڈاکٹر سیدہ انعم فاطمہ نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کا دورہ کیا اور آئی سی سی آئی کی قیادت اور ممتاز کاروباری رہنماؤں کے ساتھ ایک انٹرایکٹو سیشن منعقد کیا جس کا مقصد اسلام آباد کو ایک متحرک کاروباری مرکز اور مثالی رہائشی شہر میں تبدیل کرنے کے لئے مشترکہ کوششوں کو فروغ دینا تھا۔
اپنے خطاب میں ڈاکٹر سیدہ انعم فاطمہ نے کہا کہ تاجر برادری معیشت کا اصل انجن ہے اور انتہائی احترام، سہولت اور ادارہ جاتی تعاون کی مستحق ہے۔ انہوں نے شرکاء کو صنعتی اور تجارتی شعبوں کو درپیش اہم مسائل بالخصوص تجاوزات، پارکنگ کی قلت اور متعدد تجارتی لائسنس کی ضروریات سے متعلق چیلنجز کو حل کرنے میں ڈی ایم اے کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کاروبار کرنے میں آسانی اور شفافیت کو فروغ دینے کے لئے تمام ٹیکسوں کو ون ونڈو سسٹم کے تحت ہموار کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید یقین دلایا کہ چالان، جرمانے، مارکیٹس کی خوبصورتی اور تجاوزات کے خاتمے سے متعلق معاملات کو تاجر برادری کے اطمینان کے مطابق حل کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں انہوں نے اپنے عملے کو موقع پر ہی ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔ڈاکٹر سیدہ انعم فاطمہ نے یقین دلایا کہ متعلقہ تجارتی اداروں اور آئی سی سی آئی کے ساتھ پیشگی مشاورت کے بغیر کسی بھی کاروباری مرکز میں کوئی یکطرفہ کارروائی نہیں کی جائے گی۔
بل بورڈ کی تنصیبات اور فوڈ اتھارٹی کے جرمانوں بارے انہوں نے کہا کہ دونوں فریق مشترکہ طور پر اتفاق رائے پر مبنی فریم ورک تیار کریں گے۔ انہوں نے H-11 قبرستان میں تدفین کی اجازت بارے H-13 سیکٹر کے رہائشیوں کے دیرینہ مطالبہ کو پورا کرنے کا بھی وعدہ کیا۔ڈی ایم اے ڈائریکٹر کا خیرمقدم کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے اسلام آباد کی تاجر برادری کو درپیش بڑے چیلنجز پر روشنی ڈالی جن میں متعدد لائسنسنگ نظام، تجاوزات، پارکنگ کی ناکافی سہولیات، اور بل بورڈ ٹیکس شامل ہیں۔ انہوں نے ڈی ایم اے سے ایک فوکل پرسن کی تقرری کا بھی مطالبہ کیا۔
سردار طاہر محمود نے کہا کہ چیمبر کاروباری برادری اور میونسپل حکام کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرتا رہے گا تاکہ زیادہ سازگار کاروباری ماحول پیدا کیا جا سکے اور دارالحکومت میں کاروبار کرنے میں آسانی کو فروغ دیا جا سکے۔آئی سی سی آئی کے سابق صدر ظفر بختاوری نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ حکومتی اداروں کو کاروبار کو آسان بنانا چاہیے کیونکہ پراعتماد کاروباری برادری ہی ملک کا مثبت امیج پیش کرنے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
سیشن میں آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر طاہر ایوب، نائب صدر عرفان چوہدری، صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ، صدر ٹی ڈبلیو اے بلیو ایریا یوسف راجپوت، آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبران فاطمہ عظیم، عبدالرحمن صدیقی، چوہدری ندیم احمد، ناصر محمود چوہدری ، راحیل انور بٹ اور دیگر نے اپنے اپنے علاقوں کے مسائل کو اجاگر کیا۔فریقین نے عملی اور پالیسی پر مبنی اقدامات کے ذریعے اسلام آباد کے معاشی ماحول کو بہتر بنانے کے لیے قریبی رابطہ کاری برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔قبل ازیں ڈاکٹر سیدہ انعم فاطمہ کی آمد پر آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود، سینئر نائب صدر طاہر ایوب، نائب صدر عرفان چوہدری، آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبران اور تاجر رہنماؤں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
آئی سی سی آئی کے سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض سرانجام دیئے ۔اس موقع پر آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبران ذوالقرنین عباسی، محسن خالد ملک، وسیم چوہدری، عمران منہاس، ثناء اللہ خان، تاجر رہنما چوہدری نعیم، چوہدری وسیم چیمہ، شہزاد شبیر عباسی، راجہ ذوالفقار، نعمان بٹ، کامران کاکاخیل اور دیگر بھی موجود تھے۔ ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر کے ہمراہ ڈپٹی ڈائریکٹر آصف علی خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز لیاقت حیات، عبدالغفور اور محترمہ کلثوم بھی موجود تھیں۔








