لاہور۔28جنوری (اے پی پی):لاہور آرٹس کونسل الحمرا میں چودہواں لاہور لٹریری فیسٹیول چھ، سات اور آٹھ فروری کو منعقد کیا جا رہا ہے، یہ فیسٹیول ادب، ثقافت اور تہذیبی مکالمے کا ایک نمایاں حوالہ سمجھا جاتا ہے،جس میں ملک اور بیرونِ ملک سے ممتاز علمی و ادبی شخصیات شرکت کریں گی۔ترجمان کے مطابق لاہور لٹریری فیسٹیول میں اس برس پاکستان کی مجموعی ثقافت، پنجاب کی تہذیب و روایات، علاقائی زبانوں، …
الحمرا میں تین روزہ چودہواں لاہور لٹریری فیسٹیول چھ فروری سے شروع ہوگا

مزید خبریں
لاہور۔28جنوری (اے پی پی):لاہور آرٹس کونسل الحمرا میں چودہواں لاہور لٹریری فیسٹیول چھ، سات اور آٹھ فروری کو منعقد کیا جا رہا ہے، یہ فیسٹیول ادب، ثقافت اور تہذیبی مکالمے کا ایک نمایاں حوالہ سمجھا جاتا ہے،جس میں ملک اور بیرونِ ملک سے ممتاز علمی و ادبی شخصیات شرکت کریں گی۔ترجمان کے مطابق لاہور لٹریری فیسٹیول میں اس برس پاکستان کی مجموعی ثقافت، پنجاب کی تہذیب و روایات، علاقائی زبانوں، قومی شناخت اور تہذیب و تمدن کی اقدار کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔
فیسٹیول کے مختلف سیشنز میں ادب، تاریخ، سماج، سیاست، معاصر عالمی و علاقائی صورتِ حال، اظہارِ رائے کی آزادی، جمہوری اقدار، سماجی تبدیلیاں اور فکری مکالمہ زیرِ بحث آئے گا۔ علاوہ ازیں فیسٹیول میں شاعری، فکشن، ڈرامہ، تھیٹر، آرٹ، مصوری، خطاطی، موسیقی، لوک فنون اور دیگر ثقافتی اظہار کو عوامی اور تہذیبی تناظر میں پیش کیا جائے گا، تاکہ فنونِ لطیفہ کو روزمرہ زندگی اور معاشرتی شعور سے جوڑا جا سکے۔
ترجمان کے مطابق فیسٹیول میں شرکت کرنے والی ممتاز علمی و ادبی شخصیات میں رابن لین فاکس، سیف الاسلام (ڈھاکہ)، کاملہ شمسی، اصغر ندیم سید، سلیمہ اکرام (قاہرہ)، غازی تیمور، جیوف ڈائر، محسن حامد، سعید مہدی، امین گل جی اور آڈری ٹرشکی شامل ہیں۔ یہ نامور محققین، مدبرین، اسکالرز اور دانشور اپنے اپنے شعبوں میں مستند مقام رکھتے ہیں ، جن کی شرکت لاہور لٹریری فیسٹیول کی علمی و فکری رونق کو مزید بڑھائے گی۔
اس موقع پر لاہور آرٹس کونسل الحمرا کے سی ای او رضی احمد نے کہا کہ لاہور لٹریری فیسٹیول ہماری ثقافتی شناخت، زبانوں اور تہذیبی ورثے کو اجاگر کرنے کا ایک موثر ذریعہ اور الحمرا ہمیشہ سے ادب و ثقافت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتا آ رہا ہے۔
لاہور آرٹس کونسل الحمرا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد نواز گوندل نے کہا کہ لاہور لٹریری فیسٹیول ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں ادب اور ثقافت کو زندگی کے قریب لا کر پیش کیا جاتا ہے، یہ فیسٹیول نوجوانوں، طلبہ اور عام شہریوں کے لیے اپنی تہذیبی جڑوں سے جڑنے اور فکری مکالمے کا حصہ بننے کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سی ایم انیشی ایٹو کے تحت الحمرا میں ترقیاتی اور تزئین و آرائش کے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے، تاہم اس کے باوجود الحمرا کی انتظامیہ اور پوری ٹیم کی مشترکہ کاوشوں سے ادبی و ثقافتی فیسٹیولز کے لیے ایک بہترین اور سازگار ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔








