وزیر اعظم کی جانب سے فروغ بر آمدات کے لیے اٹھائے گئے اقدامات بروقت اور خوش آئند ہیں،صدر سیالکوٹ چیمبر

سیالکوٹ۔ 30 جنوری (اے پی پی):صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ، سید احتشام مظہر نے وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان میاں محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے بر آمد کنند گان اور صنعتی شعبے کے لیے کیے گئے حالیہ اقدامات بروقت اور انتہائی خوش آئند ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صنعت و تجارت کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے …

سیالکوٹ۔ 30 جنوری (اے پی پی):صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ، سید احتشام مظہر نے وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان میاں محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے بر آمد کنند گان اور صنعتی شعبے کے لیے کیے گئے حالیہ اقدامات بروقت اور انتہائی خوش آئند ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صنعت و تجارت کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ٹاپ ایکسپورٹرز کے لیے بلیو پاسپورٹ کے اجرا کے اعلان کو بھی ایک مثبت اور دور رس اقدام قرار دیا اور کہا کہ اس سے پاکستانی بر آمد کنندگان کو بین الاقوامی سطح پر کاروباری روابط قائم کرنے میں سہولت حاصل ہو گی۔

صدر سیالکوٹ چیمبر نے کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے اٹھائے گئے حالیہ اقدامات کاروباری برادری سے وابستگی اور برآمدات کے فروغ کے لیے سنجیدہ کوششوں کا واضح ثبوت ہیں۔ سیالکوٹ چیمبر حکومت پاکستان کے ان اقدامات کو سراہتا ہے اور اس امید کا اظہار کرتا ہے کہ مستقبل میں بھی صنعت اور تجارت دوست پالیسیاں جاری رہیں گی۔آخر میں انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کی برآمدی صنعت قومی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور ان اقدامات کے نتیجے میں برآمدات میں اضافہ ، روز گار کے نئے مواقع اور ملکی زر مبادلہ میں بہتری آئے گی۔

سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری بر آمد کنند گان کے مسائل کے حل اور ملکی معیشت کے استحکام کے لیے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گا۔