لاہور۔1فروری (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے اچھی حکمرانی کو مضبوط بنانے کے لیے کی جانے والی ہمہ جہت اصلاحات ملکی معاشی ترقی کی صلاحیت کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، جس کے نتیجے میں صنعتی عمل کی رفتار تیز ہونے جا رہی ہے۔ اتوار کو لاہور میں تاجروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے …
حکومتی اصلاحات ملکی معاشی ترقی اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، سیف الرحمان
لاہور۔1فروری (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے اچھی حکمرانی کو مضبوط بنانے کے لیے کی جانے والی ہمہ جہت اصلاحات ملکی معاشی ترقی کی صلاحیت کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، جس کے نتیجے میں صنعتی عمل کی رفتار تیز ہونے جا رہی ہے۔ اتوار کو لاہور میں تاجروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سیف الرحمان نے کہا کہ شفافیت، جوابدہی اور ادارہ جاتی کارکردگی میں مسلسل بہتری سے ایک ایسا مستحکم اور کاروبار دوست ماحول تشکیل پا رہا ہے جو طویل المدتی صنعتی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔
ٹیکس ایڈمنسٹریشن میں اصلاحات، ضابطہ جاتی سادگی و ڈیجیٹلائزیشن کے اقدامات سے کاروباری اداروں کے لیے قانونی تقاضوں کی لاگت میں کمی آئی اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونا شروع ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں کے درمیان بہتر رابطے اور ہم آہنگی کی بدولت فیصلوں میں تیزی آ رہی ہے اور ترقیاتی پالیسیوں پر موثر عملدرآمد ممکن ہو رہا ہے۔
سیف الرحمان نے کہا کہ کاروبار کرنے میں آسانیوں، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی سرپرستی سے پائیدار صنعتی ترقی کی بنیاد مضبوط ہو رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر اصلاحات اور اچھی حکمرانی کے عمل کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھا گیا تو اس کے نتیجے میں ملکی پیداوار میں اضافہ، روزگار کے نئے مواقع اور جامع معاشی ترقی کو فروغ ملے گا۔









