شمسی اور ہوا سے حاصل ہونیوالی توانائی تیزی سے ترقی کر رہی ہے، میاں کاشف اشفاق

لاہور۔1فروری (اے پی پی):بورڈ آف انڈسٹریل کولیبوریشن ٹو این ہانس فیشن ایکسپورٹس کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ شمسی اور ہوا سے حاصل ہونے والی توانائی اب اتنی تیزی سے ترقی کر رہی ہے کہ وہ دنیا بھر میں بجلی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے قابل ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بڑی عالمی تبدیلی کے آغاز کی علامت ہے، جہاں …

لاہور۔1فروری (اے پی پی):بورڈ آف انڈسٹریل کولیبوریشن ٹو این ہانس فیشن ایکسپورٹس کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ شمسی اور ہوا سے حاصل ہونے والی توانائی اب اتنی تیزی سے ترقی کر رہی ہے کہ وہ دنیا بھر میں بجلی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے قابل ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بڑی عالمی تبدیلی کے آغاز کی علامت ہے، جہاں صاف اور ماحول دوست توانائی بجلی کی طلب میں اضافے کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر آگے بڑھ رہی ہے۔

گزشتہ روز لاہور میں "قابلِ تجدید توانائی کے قومی معیشت پر اثرات”کے موضوع پر سیمینار کی صدارت کرتے ہوئے میاں کاشف اشفاق نے بتایا کہ گزشتہ سال کے پہلے 6 ماہ میں قابلِ تجدید توانائی کا عالمی بجلی پیداوار میں حصہ بڑھ کر 34.3 فیصد تک پہنچ گیا، جبکہ کوئلے کا حصہ کم ہو کر 33.1 فیصد رہ گیا اور گیس 23 فیصد کی سطح پر برقرار رہی۔ تاریخ میں پہلی بار ہوا کہ شمسی اور ہوا سے چلنے والے پاور پلانٹس نے مجموعی طور پر کوئلے سے زیادہ بجلی پیدا کی۔ انہوں نے کہا کہ قابلِ تجدید توانائی کے استعمال میں یہ نمایاں اضافہ فوسل فیولز سے دوری کی کوششوں میں ایک اہم سنگِ میل ہے، کیونکہ فوسل فیولز ہی گرین ہاوس گیسوں کے اخراج کا سب سے بڑا سبب ہیں، جو ماحولیاتی تبدیلی کو تیز کر رہی ہیں۔

ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے میاں کاشف اشفاق نے بتایا کہ گزشتہ سال کے پہلے نصف میں شمسی توانائی سے بجلی کی پیداوار میں ریکارڈ 31 فیصد اضافہ ہوا، جو ہوا سے حاصل ہونے والی بجلی کے 7.7 فیصد اضافے سے کہیں زیادہ تھا۔ اس دوران کوئلے سے بجلی کی پیداوار میں 0.6 فیصد کمی واقع ہوئی، جبکہ عالمی سطح پر گیس سے بجلی کی پیداوار میں معمولی 0.2 فیصد کمی دیکھی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ان بڑے ممالک میں شامل ہو چکا ہے جہاں صنعتی یونٹس تیزی سے شمسی توانائی پر منتقل ہو رہے ہیں، اور گھریلو صارفین کی بڑی تعداد بھی سولر انرجی کو اپنا رہی ہے۔ یہ رجحان ماحولیاتی تبدیلی کے ممکنہ اثرات کو کم کرنے میں نہایت اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ حکومت کی دانشمندانہ اور بروقت پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور توانائی کے شعبے میں حوصلہ افزا اشاریے نظر آ رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے جسے پوری طرح فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ ونڈ پاور منصوبوں کو موثر انداز میں قومی گرڈ کے ساتھ مربوط کر کے ملک بھر میں سستی اور ماحول دوست بجلی فراہم کی جا سکتی ہے، جو صنعتی ترقی اور معاشی استحکام کے لیے نہایت اہم ثابت ہوگی۔