سرحد چیمبر کا وزیراعظم کے صنعت و برآمدات کے فر وغ کیلئے خصوصی ریلیف پیکج کے اعلان کا خیر مقدم

پشاور۔ 01 فروری (اے پی پی):سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وفاقی حکومت اور وزیراعظم پاکستان کی جانب سے صنعتی شعبے کی ترقی اور ملکی برآمدات کو بڑھانے کیلئے خصوصی پیکج کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ملکی معیشت اور صنعتوں کیلئے نہایت مثبت اور بر وقت اقدام قر ار دیا ہے۔ سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سرحد چیمبر کے …

پشاور۔ 01 فروری (اے پی پی):سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وفاقی حکومت اور وزیراعظم پاکستان کی جانب سے صنعتی شعبے کی ترقی اور ملکی برآمدات کو بڑھانے کیلئے خصوصی پیکج کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ملکی معیشت اور صنعتوں کیلئے نہایت مثبت اور بر وقت اقدام قر ار دیا ہے۔

سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سرحد چیمبر کے صدر جنید الطاف، بزنس مین فورم کے لیڈر غضنفر بلور، سرحد چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد ندیم اور نائب صدر صابر احمد بنگش نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شر یف کی جانب سے صنعتی شعبے کیلئے بجلی کی قیمت میں 4.04 روپے فی یونٹ کمی، ایکسپورٹ ری فنانس ریٹ کو 7.5 فیصد سے کم کرکے 4.5 فیصد کرنے، ویلنگ چارجز میں 9 روپے فی یونٹ کمی اور ٹاپ ایکسپورٹرز کو (بلیو پاسپورٹ) کی فراہمی سے صنعتی شعبے کو ریلیف ملے گا اور کاروباری سرگرمیوں میں نمایاں بہتری آئے گی۔

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزراء کی جانب سے پاکستان کی بزنس کمیونٹی کو ریلیف کی فراہمی اور کاروبار کی ترقی کیلئے اہم اقدامات اٹھانے پر شکریہ ادا کیا۔ سرحد چیمبر کے عہدیداران اور بزنس مین فورم کے لیڈر نے کہا کہ بجلی کے طویل عرصے سے بلند تر ین نرخ صنعتوں کیلئے ایک بڑا چیلنج بنے ہوئے تھے جس کے باعث پیداواری لاگت میں غیر معمولی اضافہ ہو رہا تھا اور کئی صنعتی یونٹس اپنی پیداواری صلاحیت کم کرنے یا بند کرنے پر مجبور تھے۔

انہوں نے کہاکہ پیداواری لاگت زیادہ ہونے کے باعث پاکستانی مصنوعات علاقائی مدمقابل ممالک کی مصنوعات کیساتھ عالمی منڈی میں موثر طور پر مقابلہ نہیں کرسکتی اور ان کی مسابقت متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے بالخصوص برآمدی صنعتوں کو فائدہ پہنچے گاکیونکہ کم پیداواری لاگت کے باعث پاکستانی مصنوعات عالمی منڈی میں زیاد ہ مسابقتی بن سکیں گی۔ اس کے نتیجے میں نہ صرف برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ نئی سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ بنیادی اصلاحات کے ذریعے پاکستان کی برآمدات کو 30 سے 60 ارب ڈالر تک لے جایا جا سکتا ہے جس سے نہ صرف مالیاتی خسارے کا خاتمہ ممکن ہوگا بلکہ بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ اور روزگار کے وسیع مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ سرحد چیمبر کے صدر جنید الطاف نے حکومت کی توانائی اصلاحات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس امر کی اشد ضرورت ہے کہ بجلی کے نرخوں میں اس کمی کو مستقل بنیادوں پر برقرار رکھا جائے تاکہ صنعتکار اعتماد کے ساتھ مستقبل کی منصوبہ بندی کر سکیں۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گیس اور دیگر توانائی وسائل کی قیمتوں پر بھی نظرثانی کی جائے اور ٹیکسوں و اضافی سرچارجز میں کمی لا کر صنعتی شعبے کو مکمل سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت کاروباری برادری سے مشاورت کا عمل جاری رکھے گی اور ایسے مزید اقدامات کرے گی جو صنعتی ترقی، برآمدات کے فروغ اور قومی معیشت کے استحکام کا باعث بنیں گے۔

انہوں نے شرح سود کو سنگل ڈیجٹ پر لانے، ٹیکس نظام میں آسانیاں، ٗٹیکسوں کی شرح میں کمی اور بزنس فرینڈلی پالیسیوں کی تشکیل اور اس کے تسلسل کو جاری رکھنے اور کاروباری سرگرمیوں کی بحالی کیلئے مزید اہم اقدامات اٹھانے کی اپیل کی۔