الحمرا میں 6 تا 8 فروری تک 14واں بین الاقوامی لاہور لٹریری فیسٹیول منعقد ہوگا

لاہور۔2فروری (اے پی پی):لاہور لٹریری فیسٹیول انتظامیہ نے چودہویں لاہور لٹریری فیسٹیول کا باضابطہ شیڈول جاری کر دیا ہے، فیسٹیول 6، 7 اور 8 فروری کو لاہور آرٹس کونسل الحمرا کے عالمی شہرت یافتہ پلیٹ فارم پر منعقد ہو گا۔ یہ سہ روزہ بین الاقوامی فیسٹیول پاکستان کو عالمی ادبی، فکری اور ثقافتی دنیا سے جوڑنے کا ایک نمایاں حوالہ بنے گا۔لاہور لٹریری فیسٹیول پاکستان کا سب سے بڑا اور …

لاہور۔2فروری (اے پی پی):لاہور لٹریری فیسٹیول انتظامیہ نے چودہویں لاہور لٹریری فیسٹیول کا باضابطہ شیڈول جاری کر دیا ہے، فیسٹیول 6، 7 اور 8 فروری کو لاہور آرٹس کونسل الحمرا کے عالمی شہرت یافتہ پلیٹ فارم پر منعقد ہو گا۔ یہ سہ روزہ بین الاقوامی فیسٹیول پاکستان کو عالمی ادبی، فکری اور ثقافتی دنیا سے جوڑنے کا ایک نمایاں حوالہ بنے گا۔لاہور لٹریری فیسٹیول پاکستان کا سب سے بڑا اور دنیا میں تسلیم شدہ ادبی فیسٹیول ہے جو گزشتہ برسوں میں عالمی سطح کے ممتاز فیسٹیولز کی صف میں شامل ہو چکا ہے۔

اس سال فیسٹیول میں دنیا کے 15 سے زائد ممالک سے اسکالرز، دانشور، محققین، مصنفین، شاعر اور مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات شرکت کریں گی۔ یہ فیسٹیول اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ دنیا کس طرح علم، مکالمے اور ثقافت کے ذریعے ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے۔شیڈول کے مطابق فیسٹیول میں 60 سے زائد سیشنز منعقد ہوں گے، جن میں سماجیات، معیشت، سیاست، سائنس، تاریخ، طب، تہذیب و تمدن، زبان و ادب، فن و ثقافت، عالمی امور، ماحولیات اور موجودہ عالمی و علاقائی چیلنجز جیسے اہم اور عصری موضوعات شامل ہیں۔

خصوصی طور پر اردو اور پنجابی زبان میں 12 سے زائد سیشنز فیسٹیول کا حصہ ہوں گے جو مقامی زبانوں اور فکری روایت کو عالمی تناظر میں پیش کریں گے۔مزید برآں فیسٹیول کے دوران 12 سے زائد ملکی و غیر ملکی کتب کی تقریباتِ رونمائی منعقد کی جائیں گی جو علمی و ادبی حلقوں کے لیے ایک اہم پیش رفت ثابت ہوں گی۔سی ای او لاہور لٹریری فیسٹیول رضی احمد نے اپنے بیان میں کہا کہ لاہور لٹریری فیسٹیول پاکستان کو دنیا کے فکری اور علمی دھاروں سے جوڑ رہا ہے، یہ فیسٹیول اس بات کی علامت ہے کہ جدید دنیا کس طرح مکالمے، سوال اور علم کے ذریعے آگے بڑھتی ہے اور ایل ایل ایف پاکستان کو اسی عالمی عمل سے ہم آہنگ کرنے میں موثر کردار ادا کر رہا ہے۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرا محمد نواز گوندل نے کہا کہ لاہور آرٹس کونسل الحمرا پاکستان سمیت دنیا بھر سے آنے والے مندوبین کی میزبانی کو اپنے لیے اعزاز سمجھتا ہے،الحمرا اپنی تمام انتظامی اور فنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اس بین الاقوامی فیسٹیول کو بہترین انداز میں منعقد کرنے کے لیے پرعزم ہے، ہم دعا گو ہیں کہ یہ فیسٹیول شاندار کامیابی سے ہمکنار ہو۔

فیسٹیول کے شیڈول کے اجرا کے ساتھ ہی اس کی بھرپور تشہیری مہم جاری ہے، جس کے باعث عوام کی ایک بڑی تعداد اس عالمی سطح کے ادبی فیسٹیول میں شرکت کی خواہاں ہے۔واضح رہے کہ لاہور آرٹس کونسل الحمرا میں تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا چکی ہے۔

مزید خبریں