بیجنگ ۔4فروری (اے پی پی):پاکستان سے چین کو اوزار، آلات، کٹلری اور بیس میٹل سے تیار کردہ مصنوعات کی برآمدات میں 2025 کے دوران مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ چین کے جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز (جی اے سی سی)کے مطابق ان برآمدات کا حجم 2024 میں 7.76 ملین ڈالر رہا جو بڑھ کر 2025 میں 8.14 ملین ڈالر تک پہنچ گیا،یہ سالانہ بنیاد پر تقریباً 5 فیصد اضافہ ہے۔ …
پاکستانی کٹلری کی2025 کے دوران چین کو برآمدات میں سالانہ بنیاد پر 5 فیصد اضافہ، حجم 8.14 ملین ڈالر رہا،رپورٹ

مزید خبریں
بیجنگ ۔4فروری (اے پی پی):پاکستان سے چین کو اوزار، آلات، کٹلری اور بیس میٹل سے تیار کردہ مصنوعات کی برآمدات میں 2025 کے دوران مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ چین کے جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز (جی اے سی سی)کے مطابق ان برآمدات کا حجم 2024 میں 7.76 ملین ڈالر رہا جو بڑھ کر 2025 میں 8.14 ملین ڈالر تک پہنچ گیا،یہ سالانہ بنیاد پر تقریباً 5 فیصد اضافہ ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق ہینڈ ٹولز برآمدی فہرست میں سرفہرست رہے جن میں پلائرز، پنسرز، چمٹیاں اور اسی نوعیت کے دیگر اوزار نمایاں ہیں ، ان مصنوعات کی برآمدات 2024 کے 2.97 ملین ڈالر سے بڑھ کر 2025 میں 3.72 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اس اضافے کی بڑی وجہ صوبہ زیجیانگ سے مضبوط طلب رہی جو سب سے بڑی منڈی کے طور پر سامنے آیا ۔
اس کے بعد شنگھائی اور گوانگ ڈونگ کا نمبر رہا جہاں عام اور پراسیسنگ ٹریڈ دونوں چینلز کے ذریعے برآمدات کی گئیں جو چین کی مینوفیکچرنگ سپلائی چین میں پاکستان کے بڑھتے انضمام کو ظاہر کرتا ہے۔قینچیاں اور شیئرز برآمدات کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر رہیں جن کی مجموعی مالیت 2025 میں تقریباً 1.90 ملین ڈالر رہی جبکہ ان کی بڑی کھیپیں شنگھائی اور زیجیانگ روانہ کی گئیں۔ اس کے بعد سیفٹی ریزر بلیڈز تیسرے نمبر پر رہے جن سے تقریباً 1.34 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا، یہ زیادہ تر سنکیانگ اور زیجیانگ کو سپلائی کیے گئے ۔
پاکستانی برآمد کنندہ فیصل شہزاد نے چین اکنامک نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیرآباد کی کٹلری صنعت اپنے عوام کی محنت، مہارت اور استقامت کی عکاس ہے جہاں روایتی ہنر کو جدت کے ساتھ ہم آہنگ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر چینی سرمایہ کاری کو راغب کیا جائے اور متعلقہ صنعتوں کو وزیرآباد منتقل کیا جائے تو اس سے برآمدات میں نمایاں اضافہ ممکن ہے۔
ماہرین کے مطابق پاکستان کی مسابقتی قیمتیں، بہتر ہوتے معیار اور ہنرمند دھات سازی کی بنیاد نے چین کی صنعتی اور صارفین کی منڈیوں کی طلب کو بڑھایا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ تجارت اور مینوفیکچرنگ میں مزید تعاون کے ساتھ چین کو پاکستان کی بیس میٹل مصنوعات کی برآمدات میں آئندہ بھی مستحکم ترقی متوقع ہے۔








