اسلام آباد۔6فروری (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے تجارت، سرمایہ کاری اور شعبہ جاتی ترقی کو بڑھانے کے لیے بیرون ملک چیمبرز کے ساتھ بامعنی تعاون کو فروغ دے کر تاجر برادری کو سہولت فراہم کرنے کے لیے چیمبر کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہارازبکستان کی وزارت زراعت کے تحت پلانٹ …
ازبک وفد کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ، بی ٹو بی میٹنگز کے ذریعے روابط کے فروغ پر اتفاق
اسلام آباد۔6فروری (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے تجارت، سرمایہ کاری اور شعبہ جاتی ترقی کو بڑھانے کے لیے بیرون ملک چیمبرز کے ساتھ بامعنی تعاون کو فروغ دے کر تاجر برادری کو سہولت فراہم کرنے کے لیے چیمبر کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہارازبکستان کی وزارت زراعت کے تحت پلانٹ پروٹیکشن اینڈ قرنطینہ کی ایجنسی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل اولوگ بیک یونسوف سے گفتگو کرتے ہوئے کیاجنہوں نے تین رکنی وفد کے ہمراہ پھلوں اور سبزیوں کے شعبے میں باہمی تعاون کی راہیں تلاش کرنے کے لیے چیمبر کا دورہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ چیمبر بی ٹو بی میٹنگز، کاروباری مواقع کانفرنسوں اور تقاریب کے ذریعے بین الاقوامی کاروباری روابط کے فروغ کے لیے سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے وفد کو یہ بھی بتایا کہ آئی سی سی آئی دوست ممالک کی تجارت اور سرمایہ کاری کی صلاحیت کو اجاگر کرنے کے لیے سفارت خانوں اور غیر ملکی مشنز کے ساتھ مل کر جلد ہی ایک بین الاقوامی صنعتی نمائش منعقد کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔
انہوں نے کہا اس طرح کے اقدامات مشترکہ منصوبوں، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مارکیٹ تک رسائی کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں جو بالآخر ممالک کی پائیدار اقتصادی ترقی میں معاون ثابت ہوتے ہیں ۔ا پنے خطاب میں ازبکستان کے وفد کے سربراہ نے پھلوں کے شعبے میں ازبکستان کی وسیع صلاحیت کو اجاگر کرتے ہوئے دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کے لیے مشترکہ منصوبے شروع کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
انہوں نے پاکستان کے پھلوں اور سبزیوں کے شعبے کے نمایاں کاروباریوں کے ساتھ مضبوط روابط قائم کرنے میں آئی سی سی آئی کی مدد بھی طلب کی۔پاکستان کے نوجوانوں کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوان آبادی آئی ٹی اور ڈیجیٹل مہارت سے اچھی طرح لیس ہے، اس لیے ای کامرس پلیٹ فارم زرعی تجارت کو بڑھانے اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے لیے ایک موثر ذریعہ کے طور پر کام کر سکتا ہے۔
آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر طاہر ایوب نے پھلوں اور سبزیوں کی ویلیو ایڈیشن کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور پاکستانی پھلوں کی برآمدات بارے آگاہی دی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ افغانستان میں سکیورٹی کی غیر یقینی صورتحال جنوبی کوریڈور کے لیے سب سے اہم رکاوٹ ہے۔اس موقع پر نائب صدر عرفان چوہدری، آئی سی سی آئی کے سابق صدور زبیر احمد ملک، محمد اعجاز عباسی، ایگزیکٹو ممبر اسحاق سیال، نوید احمد ستی اور آئی سی سی آئی کے ممبران بھی موجود تھے۔









