پی این سی اے لائیو سیریز کا آغاز، پہلے ایڈیشن میں خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والا بینڈ خماریاں پرفارم کرے گا

اسلام آباد۔7فروری (اے پی پی):پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے)نے باضابطہ طور پر اپنی پہلی پی این سی اے لائیو سیریز کا آغاز کر دیا ہے جو پاکستان میں لائیو میوزک اور معاصر پرفارمنگ آرٹس کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔یہ ثقافتی اقدام پی این سی اے کے سپروائزر پرفارمنگ آرٹس عنایت الرحمٰن کی جانب سے پیش اور شروع کیا گیا ہے۔پی این …

اسلام آباد۔7فروری (اے پی پی):پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے)نے باضابطہ طور پر اپنی پہلی پی این سی اے لائیو سیریز کا آغاز کر دیا ہے جو پاکستان میں لائیو میوزک اور معاصر پرفارمنگ آرٹس کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔یہ ثقافتی اقدام پی این سی اے کے سپروائزر پرفارمنگ آرٹس عنایت الرحمٰن کی جانب سے پیش اور شروع کیا گیا ہے۔پی این سی اے لائیو سیریز ایک وژنری ثقافتی منصوبہ ہے جس کا مقصد پاکستان کے تمام خطوں سے تعلق رکھنے والے فنکاروں کو ایک پیشہ ورانہ اور جامع پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ اس سیریز کے ذریعے موسیقی کے تنوع کو اجاگر کرنے، ثقافتی مکالمے کو فروغ دینے اور ادارہ جاتی ماحول میں اعلیٰ معیار کی لائیو پرفارمنس کے ذریعے ناظرین کو دوبارہ جوڑنے کی کوشش کی جائے گی۔

سیریز کے پہلے ایڈیشن پی این سی اے لائیو سیریز–1 میں خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والا معروف بینڈ خماریاں پرفارم کرے گاجو روایتی پشتو لوک موسیقی اور جدید دھنوں کے منفرد امتزاج کے لیے جانا جاتا ہے۔یہ تقریب 14 فروری کو شام ساڑھے سات بجے سے ساڑھے دس بجے تک پی این سی اے میں منعقد ہوگی۔پی این سی اے کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ پی این سی اے لائیو سیریز پاکستان میں لائیو پرفارمنگ آرٹس کو دوبارہ متحرک کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ اس اقدام کےذریعے پی این سی اے تمام صوبوں کےفنکاروں کو مستقل مواقع فراہم کرے گا، ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دے گا اور پاکستان کے متنوع فنی اظہار کو وسیع تر ناظرین تک پہنچائے گا، ہمیں خوشی ہے کہ ہم اس سفر کا آغاز خماریاں سے کر رہے ہیں جن کا کام روایت اور جدت کے حسین امتزاج کی عکاسی کرتا ہے۔

سیریز کے پروڈیوسر اور بانی عنایت الرحمٰن نے کہا کہ پی این سی اے لائیو سیریز کو ایک مستقل ثقافتی پروگرام کے طور پر ترتیب دیا گیا ہے جس کے ہر ایڈیشن میں مختلف اصناف، خطوں اور فنی اظہار کو اجاگر کیا جائے گا۔یہ اقدام پی این سی اے کے اس مینڈیٹ سے ہم آہنگ ہے جس کے تحت پاکستان کے پرفارمنگ آرٹس کو محفوظ،فروغ اور پیش کیا جاتا ہے، ساتھ ہی تخلیقی اور عصری تشریحات کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔

پی این سی اے لائیو سیریز کے آئندہ ایڈیشنز میں ملک بھر سے فنکار شامل ہوں گےجس سے ثقافت کے ذریعے قومی یکجہتی کو فروغ ملے گا اور پرفارمنگ آرٹس کے ایک نمایاں قومی ادارے کے طور پر پی این سی اے کا کردار مزید مضبوط ہوگا۔اس تاریخی اقدام کے ذریعے پی این سی اے نے فنی صلاحیتوں کی سرپرستی، ثقافتی جدت کی حمایت اور ناظرین کو بامعنی اور یادگار لائیو پرفارمنس فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔