لاہور۔8فروری (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ انسانی سرمائے میں سرمایہ کاری،پالیسیوں کا تسلسل، ریاست و نجی شعبے کے درمیان اعتماد سازی ،عوامی نظم و نسق کی جدید خطوط پر تشکیل ،جامع اور مضبوط معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہیں۔ اتوار کو جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جاپان، جنوبی کوریا، چین اور بنگلہ دیش …
پائیدار معاشی ترقی کیلئے انسانی وسائل میں سرمایہ و پالیسی تسلسل ناگزیر ہے، افتخار علی ملک
لاہور۔8فروری (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ انسانی سرمائے میں سرمایہ کاری،پالیسیوں کا تسلسل، ریاست و نجی شعبے کے درمیان اعتماد سازی ،عوامی نظم و نسق کی جدید خطوط پر تشکیل ،جامع اور مضبوط معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہیں۔
اتوار کو جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جاپان، جنوبی کوریا، چین اور بنگلہ دیش جیسی معیشتیں ریاست اور نجی شعبے کے درمیان مضبوط شراکت داری کے نتیجے میں ترقی کی منازل طے کر چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش میں سول سوسائٹی نے بھی تعمیری کردار ادا کیا ہے جبکہ حالیہ دہائیوں میں وہ ممالک ترقی کر چکے ہیں جن کے پاس نہ تو وافر معدنی وسائل تھے اور نہ ہی وسیع رقبہ موجود تھا۔ انہوں نے بروقت اور مستقل بنیادوں پر تعلیم، مہارتوں اور جدت کی صلاحیت میں سرمایہ کاری کی۔افتخار علی ملک نے کہا کہ باصلاحیت، ہنر مند اور تربیت یافتہ افرادی قوت ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے حصول میں فیصلہ کن کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بنیادی تعلیم تک رسائی نہایت ضروری ہے تاکہ معاشی ترقی کے ثمرات پورے معاشرے تک پہنچ سکیں اور عدم مساوات میں اضافہ نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ جاتی اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہیں، ان اقدامات کے بغیر ایک ایسا موثر ریاستی نظام تشکیل دینا ممکن نہیں جو آج کے پیچیدہ معاشی و انتظامی چیلنجز کا مقابلہ کر سکے۔









