سرگودھا ۔ 09 فروری (اے پی پی):سرگودھا سے رواں سال اب تک 97 ہزار میٹرک ٹن سے زائد سٹرس ایکسپورٹ کیا جا چکا ہے جبکہ سیزن کے اختتام تک یہ حجم 120 ہزار میٹرک ٹن سے تجاوز کرنے کا امکان ہے۔ اس امر کا انکشاف ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری کی زیر صدارت وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے سٹرس بحالی پروگرام کے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس میں …
رواں سال سٹرس کی پیداوار 30 لاکھ میٹرک ٹن سے تجاوز کرنے کی توقع ہے، ڈپٹی کمشنر سرگودھا
سرگودھا ۔ 09 فروری (اے پی پی):سرگودھا سے رواں سال اب تک 97 ہزار میٹرک ٹن سے زائد سٹرس ایکسپورٹ کیا جا چکا ہے جبکہ سیزن کے اختتام تک یہ حجم 120 ہزار میٹرک ٹن سے تجاوز کرنے کا امکان ہے۔ اس امر کا انکشاف ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری کی زیر صدارت وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے سٹرس بحالی پروگرام کے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں سٹرس کی پیداوار، کوالٹی، ایکسپورٹ اور کاشتکاروں کو سہولیات کی فراہمی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ رواں سال ضلع سرگودھا کا 70 فیصد سٹرس فروخت ہو چکا ہے اور مارکیٹ میں کسی قسم کا بحران نہیں۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال کوالٹی ایکسپورٹ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جہاں گزشتہ سال 30 فیصد جبکہ رواں سال 50 فیصد اعلیٰ معیار کی پیداوار ایکسپورٹ کی گئی ہے۔
رواں سال سٹرس کی پیداوار بہتر رہی اور کاشتکاروں کو ریٹس بھی تسلی بخش مل رہے ہیں، جن میں فی من قیمت1517روپے تک ریکارڈ کی گئی ہے۔ ڈائریکٹر سٹرس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ نے اجلاس کو سپلائی چین، فارمز سے ایکسپورٹ تک کے مراحل اور نئی ورائٹیز پر بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا کہ رواں سال 60 نئی ورائٹیز متعارف کرائی گئی ہیں جو بین الاقوامی معیار پر پورا اترتی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے سٹرس بحالی پروگرام کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ سال سٹرس کی پیداوار 26 لاکھ میٹرک ٹن رہی جبکہ رواں سال پیداوار 30 لاکھ میٹرک ٹن سے تجاوز کرنے کی توقع ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ کاشتکاروں کی رہنمائی کے لئے جدید ذرائع ابلاغ بروئے کار لائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ سٹرس ریسرچ اور زرعی ماہرین سوشل میڈیا، یوٹیوب چینلز، لائیو سیشنز اور موبائل ایپس کے ذریعے کاشتکاروں کو بروقت آگاہی فراہم کریں تاکہ دور دراز علاقوں میں بیٹھے کسان بھی جدید زرعی سہولیات اور معلومات سے فائدہ اٹھا سکیں۔ اجلاس میں ڈائریکٹر زراعت توسیع شاہد حسین، ڈائریکٹر سٹرس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اکبر حیات، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت، اسسٹنٹ ڈائریکٹر مارکیٹ کمیٹی، ڈی او انڈسٹری اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔









