غیر رجسٹرڈ پیسٹی سائیڈز کی سوشل میڈیا پر تشہیر، خرید و فروخت اور استعمال قانوناً جرم ہے،محکمہ زراعت حکومتِ پنجاب

بھکر۔ 09 فروری (اے پی پی):محکمہ زراعت حکومتِ پنجاب کے شعبہ تعلقات عامہ نے عوام اور کاشتکاروں کو خبردار کیا ہے کہ غیر رجسٹرڈ پیسٹی سائیڈز کی سوشل میڈیا پر تشہیر، خرید و فروخت اور استعمال قانوناً جرم ہے۔ محکمہ کے مطابق ایسے عناصر جو غیر قانونی زرعی زہروں کی تشہیر یا فروخت میں ملوث پائے گئے، ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ محکمہ زراعت …

بھکر۔ 09 فروری (اے پی پی):محکمہ زراعت حکومتِ پنجاب کے شعبہ تعلقات عامہ نے عوام اور کاشتکاروں کو خبردار کیا ہے کہ غیر رجسٹرڈ پیسٹی سائیڈز کی سوشل میڈیا پر تشہیر، خرید و فروخت اور استعمال قانوناً جرم ہے۔ محکمہ کے مطابق ایسے عناصر جو غیر قانونی زرعی زہروں کی تشہیر یا فروخت میں ملوث پائے گئے، ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

محکمہ زراعت کا کہنا ہے کہ غیر رجسٹرڈ زرعی زہروں کے استعمال سے فصلوں، انسانی صحت اور ماحول کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔ سوشل میڈیا پر گمراہ کن اشتہارات کے ذریعے کسانوں کو دھوکہ دینے والے عناصر زرعی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔اعلامیہ میں واضح کیا گیا ہے کہ غیر رجسٹرڈ زرعی زہروں کے خلاف کارروائی کے لیے محکمہ زراعت متحرک ہے اور ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سزائیں دی جائیں گی۔

کاشتکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صرف رجسٹرڈ اور منظور شدہ پیسٹی سائیڈز ہی استعمال کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ محکمے کو دیں۔محکمہ زراعت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ زرعی ادویات خریدتے وقت مستند دکانداروں سے ہی رجوع کریں اور سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ تشہیر سے گریز کریں۔