پی این سی اےنے اپنے نمایاں اقدام پی این سی اے لائیو سیریز ون کا کامیابی سے انعقاد مکمل کر لیا

اسلام آباد۔15فروری (اے پی پی):پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس(پی این سی اے) نے اپنے نمایاں اقدام پی این سی اے لائیو سیریز ون کا کامیابی سے انعقاد مکمل کر لیاجو قومی ثقافتی ادارے میں لائیو موسیقی اور نوجوانوں کی شمولیت کے احیاء کی ایک شاندار مثال ثابت ہوا۔ اس شام معروف بینڈ خماریاں کی دل موہ لینے والی پرفارمنس پیش کی گئی جن کی روایتی پشتو لوک دھنوں اور …

اسلام آباد۔15فروری (اے پی پی):پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس(پی این سی اے) نے اپنے نمایاں اقدام پی این سی اے لائیو سیریز ون کا کامیابی سے انعقاد مکمل کر لیاجو قومی ثقافتی ادارے میں لائیو موسیقی اور نوجوانوں کی شمولیت کے احیاء کی ایک شاندار مثال ثابت ہوا۔

اس شام معروف بینڈ خماریاں کی دل موہ لینے والی پرفارمنس پیش کی گئی جن کی روایتی پشتو لوک دھنوں اور جدید ردھمز کے حسین امتزاج نے کھچا کھچ بھرے آڈیٹوریم کو مسحور کر دیا۔تقریب میں نوجوانوں، موسیقی کے شائقین اور خاندانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جس سے پورا ماحول ، تالیوں اور خوشی سے گونج اٹھا۔پی این سی اے لائیو سیریزجسے پی این سی اے کے سپروائزر پرفارمنگ آرٹس عنایت الرحمٰن نے تیار اور شروع کیا، کا مقصد پاکستان بھر کے فنکاروں کو ایک متحرک اور جامع پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔

اس اقدام کا ہدف ثقافتی تنوع کو فروغ دینا، فنونِ لطیفہ میں نوجوانوں کی شرکت کی حوصلہ افزائی کرنا اور لائیو پرفارمنس کے ذریعے قومی یکجہتی کو مضبوط بنانا ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پی این سی اے ایوب جمالی نے عوامی ردعمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ پی این سی اے لائیو سیریز کا کامیاب آغاز معیاری لائیو پرفارمنس اور نوجوانوں پر مرکوز ثقافتی پروگرامنگ کی بڑھتی ہوئی طلب کا عکاس ہے۔ پی این سی اے ملک کے تمام علاقوں کے فنکاروں کے لیے پائیدار پلیٹ فارمز فراہم کرنے اور ایک متحرک ثقافتی ماحول کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔

سیریز ون کی نمایاں کامیابی کے بعد پی این سی اے نے اعلان کیا ہے کہ پی این سی اے لائیو سیریز–2 جلد شروع کی جائے گی جو پاکستان کے بھرپور اورمتنوع موسیقی ورثے کے جشن کو جاری رکھے گی۔ آئندہ ایڈیشن کی تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔اس اقدام کے ذریعے پی این سی اے ایک بار پھر فنکارانہ صلاحیتوں کی پرورش، لائیو موسیقی کی ثقافت کے احیاء اور نوجوان نسل کو بامقصد ثقافتی سرگرمیوں میں شامل کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔