فیصل آباد ۔ 16 فروری (اے پی پی):ڈویژنل کمشنر جہانگیر انور راجہ نے کہا ہے کہ فیصل آباد کے گنجان آباد علاقوں سے صنعتوں کی منتقلی کا فیصلہ چیمبر اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت سے کیا جائے گا۔ یہ پہلی دفعہ ہو رہا ہے کہ صنعتوں کو اپنی مرضی سے منتقلی کی سہولت مہیا کی جا رہی ہے ۔ منتقل ہونے والی صنعتوں کے الگ کلسٹر بنیں گے …
گنجان آباد علاقوں سے صنعتوں کی منتقلی کا فیصلہ چیمبر اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت سے کیا جائے گا، ڈویژنل کمشنر
فیصل آباد ۔ 16 فروری (اے پی پی):ڈویژنل کمشنر جہانگیر انور راجہ نے کہا ہے کہ فیصل آباد کے گنجان آباد علاقوں سے صنعتوں کی منتقلی کا فیصلہ چیمبر اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت سے کیا جائے گا۔ یہ پہلی دفعہ ہو رہا ہے کہ صنعتوں کو اپنی مرضی سے منتقلی کی سہولت مہیا کی جا رہی ہے ۔ منتقل ہونے والی صنعتوں کے الگ کلسٹر بنیں گے جہاں منتقل ہونے والے یونٹ ٹیکس فری ہوں گے، اُن کو مفت پلاٹ اور آسان قرضے مہیا کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے زیر اہتمام ہونے والی اکنامک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں شہر کی 50سے زائد چھوٹی بڑی صنعتی، تجارتی اور کاروباری تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی اور شہر کے ہر چھوٹے بڑے سیکٹرز، سب سیکٹرز اور ٹریڈ کو درپیش مسائل کی نشاندہی کر نے کے علاوہ اُن کے حل کیلئے قابل عمل تجاویز بھی پیش کیں۔
انہوں نے کہا گزشتہ تین سالوں کے دوران فیصل آباد میں 880نئے صنعتی یونٹ لگے ہیں جو47,000افراد کو روزگار مہیا کر رہے ہیں جبکہ برآمدات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ اٹامک انرجی کمیشن کے ادارے نے 12سال بعد کپاس کی نئی قسم تیار کی ہے جو 30فیصد رقبے پر کاشت کی جا رہی ہے۔ ٹیکسٹائل کے شعبہ میں بھی تبدیلی آئی ہے، اب ٹیکسٹائل میں 60فیصد کاٹن اور 40فیصد سنتھیٹک یارن استعمال ہو رہا ہے۔ سرکلر اکانومی کے بارے میں کمشنر نے بتایا کہ کمالیہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے اس حوالے سے پلان بنایا ہے جس پر عمل کیا جائے گا۔
اس موقع پر گروپ لیڈر میاں محمد ادریس نے اپنے خطاب میں کہا کہ چیمبر کے ہر آنے والے صدر کا روڈ میپ ہوتا ہے جس میں معاشی بحالی کو خصوصی اہمیت دی جاتی ہے۔ چیمبر کے عہدیدار صرف ممبران کے مسائل ہی نہیں حل کرتے بلکہ شہر کی مجموعی ترقی میں بھی اپنا بھر پور کردار ادا کرتے ہیں۔میاں محمد ادریس نے کپاس کی ویلیو ایڈیشن کے بعد دیگر زرعی اجناس کی ویلیو ایڈیشن پر بھی زور دیا اور کہا کہ اِس کے ساتھ ساتھ پالیسیوں میں تسلسل کو برقرار رکھنے کی اشد ضرورت ہے۔
فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے کہا کہ فیصل آباد کی تمام چھوٹی بڑی صنعتی تجارتی اور کاروباری ایسوسی ایشنز چیمبر کے پلیٹ فارم پر متحد ہیں۔ انہوں نے اپنے اپنے سیکٹر کے مسائل کی نشاندہی کے علاوہ اُن کے حل کیلئے قابل عمل تجاویز اور آئندہ بجٹ کیلئے سفارشات بھی پیش کی ہیں جن کو یکجا کر کے متعلقہ حکام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کمشنر کے فیصل آباد چیمبر کے پہلے دورہ کا ذکر کیا اور کہا کہ آپ کی نشاندہی پر چیمبر میں افریقن مارکیٹ کیلئے خصوصی ڈیسک بنایا جا رہا ہے جس سے اِن منڈیوں کو پاکستانی برآمدات بڑھانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی 30 ارب ڈالر کی برآمدات میں فیصل آباد کا حصہ 10فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج کی اس کانفرنس کی سفارشات کو تحریری شکل میں وزیر اعظم، وزیر خزانہ اور کامرس منسٹر کو دیں گے تاکہ ملکی معیشت کو درپیش مسائل کو فوری، ٹھوس اور پائیدار بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔ اِس سے قبل ایونٹ آرگنائز سابق صدر چیمبر عاطف منیر شیخ نے مہمانو ں کا خیر مقدم کیا جبکہ سینئر نائب صدر نوید اکرم شیخ نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
آخر میں صدر فاروق یوسف شیخ۔ گروپ لیڈر میاں محمد ادریس اور دیگر عہدیداروں نے کمشنر جہانگیر انور کو چیمبر کی اعزازی شیلڈ پیش کی۔ اس موقع پر نائب صدر انجینئر عاصم منیر، سابق صدور مزمل سلطان، رانا سکندر اعظم اور سید ضیاء علمدار حسین کے علاوہ مختلف تنظیموں کے نمائندگان نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔









