اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پی ایس ڈبلیو کے تعاون سے طبی آلات کی درآمد بارے آگاہی سیشن کا انعقاد

اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) نے پاکستان سنگل ونڈو کے تعاون سے طبی آلات کی درآمد کے لیے این او سی بارے ایک اہم سیشن کا انعقاد کیا۔سیشن میں کاروباری برادری، ریگولیٹری اداروں، این جی اوز اور ہسپتالوں کے نمائندوں نے شرکت کی تاکہ عطیہ کردہ طبی آلات کی درآمد کے لیے طریقہ کار کی وضاحت اور ریگولیٹری تعمیل پر …

اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) نے پاکستان سنگل ونڈو کے تعاون سے طبی آلات کی درآمد کے لیے این او سی بارے ایک اہم سیشن کا انعقاد کیا۔سیشن میں کاروباری برادری، ریگولیٹری اداروں، این جی اوز اور ہسپتالوں کے نمائندوں نے شرکت کی تاکہ عطیہ کردہ طبی آلات کی درآمد کے لیے طریقہ کار کی وضاحت اور ریگولیٹری تعمیل پر آگاہی حاصل کی جا سکے۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا کہ طبی آلات خاص طور پر عطیات کے طور پر موصول ہونے والے آلات، پاکستان کے ہیلتھ کیئر ڈیلیوری کے نظام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور یہ کہ بہت سے ہسپتال اور خیراتی ادارے زندگی بچانے والا علاج فراہم کرنے کے لیے عطیہ کیے گئے آلات پر انحصار کرتے ہیں اس لیے قاعدہ 26(2) کی اہمیت اور پی ایس ڈبلیو سسٹم کے ذریعے درآمدی این سی او حاصل کرنے بارے سٹیک ہولڈرز میں زیادہ سے زیادہ آگاہی کی ضر ورت ہے۔

انہوں نے طبی آلات کے معیار ، ریگولیٹری تعمیل کو یقینی بنانے اور عوامی بہبود کے لیے درآمدات کی سہولت فراہم کرنے میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کے کردار کو سراہا۔آئی سی سی آئی کے صدر نے پاکستان سنگل ونڈو کے اصلاحاتی اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ یقیناً حکومت کے ڈیجیٹلائزیشن، شفافیت اور کاروبار کرنے میں آسانی کے عزم کے عکاس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ متعدد ریگولیٹری اتھارٹیز کو ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر لانے سے، پی ایس ڈبلیو نے تاخیر کے خاتمے ، کارکردگی میں اضافے اور تعمیل کے معیارات کو بہتر بنایا ہے۔انہوں نے شرکا کو یقین دلایا کہ اسلام آباد چیمبر کاروباری اور صحت کی دیکھ بھال کے شعبوں کے مابین تعمیری تعاون کو فروغ دینے کے لیے کام کرتا رہے گا۔

قبل ازیں تکنیکی ماہرین بشمول ذیشان نذیر بجاڑ ڈائریکٹر ڈریپ، رفیع اللہ بنگش کنسلٹنٹ -پی ایس ڈبلیو ، ، عمیر صدیقی ڈومین آفیسر -پی ایس ڈبلیو اور مریم سعید سٹاف بزنس اینالسٹ -پی ایس ڈبلیو نے تفصیلی پریزنٹیشنز پیش کیں اور ضابطہ 26(2) کے تحت درآمدی این او سی کے طریقہ کار ، تعمیل اور پی ایس ڈبلیو پلیٹ فارم کے موثر استعمال کے بارے میں عملی رہنمائی فراہم کی۔

سیشن کا اختتام سوال و جواب کی نشست کے ساتھ ہوا۔ شرکا نے سیشن کو انتہائی معلوماتی اور فائدہ مند قرار دیا۔اس موقع پر آئی سی سی آئی کے نائب صدر عرفان چوہدری، ایگزیکٹو ممبران ذوالقرنین عباسی، مرزا محمد علی، سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری بھی موجود تھے۔