راولپنڈی۔ 16 فروری (اے پی پی):محکمہ اطلاعات و ثقافت حکومت پنجاب اور پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی کے زیر اہتمام محفلِ سماع کا انعقاد کیا گیا جس میں معروف قوال مانی خان اور ان کے ہمنواؤں نے اپنے فن کا شاندار مظاہرہ پیش کر کے حاضرین کو محظوظ کیا اور محفل کو روحانیت سے بھر دیا۔ تقریب میں ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی محمد شکور سمیت فنونِ لطیفہ سے وابستہ شخصیات، …
پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی کے زیر اہتمام محفلِ سماع، قوال مانی خان اوران کے ہمنوائوں کی شاندار پرفارمنس

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 16 فروری (اے پی پی):محکمہ اطلاعات و ثقافت حکومت پنجاب اور پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی کے زیر اہتمام محفلِ سماع کا انعقاد کیا گیا جس میں معروف قوال مانی خان اور ان کے ہمنواؤں نے اپنے فن کا شاندار مظاہرہ پیش کر کے حاضرین کو محظوظ کیا اور محفل کو روحانیت سے بھر دیا۔
تقریب میں ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی محمد شکور سمیت فنونِ لطیفہ سے وابستہ شخصیات، شائقینِ موسیقی اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
قوال مانی خان اور ان کے ساتھیوں نے صوفیانہ کلام کو خوبصورت انداز میں پیش کیا جسے حاضرین نے بے حد سراہا اور داد و تحسین سے نوازا۔محفل کے دوران پیش کیے جانے والے صوفیانہ کلام نے شرکاء پر وجد طاری کر دیا اور حاضرین محفل کے روحانی اور ثقافتی ماحول سے بھرپور لطف اندوز ہوتے رہے۔
ڈائریکٹر آرٹس کونسل محمد شکور اور دیگر شرکاء نے قوال مانی خان اور ان کے ہمنواؤں کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تقریبات نہ صرف ہماری ثقافتی اقدار کو فروغ دیتی ہیں بلکہ نئی نسل کو صوفیانہ روایت اور فنِ قوالی سے روشناس کرانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب آرٹس کونسل حکومت پنجاب کے وژن کے مطابق ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ اور فنکاروں کو اظہار کا مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے اور آئندہ بھی اس نوعیت کی تقریبات کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔








