سنٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز نے اسلامی مالیات کے تحت جاری مالی سال کے دوران 24ارب روپے کی بچتیں حاصل کرلی

اسلام آباد۔19فروری (اے پی پی):سنٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز (سی ڈی این ایس) نےاسلامی مالیات کے تحت جاری مالی سال کے دوران 24ارب روپے کی بچتیں حاصل کرلی ہیں ۔سی ڈی این ایس کے ایک سینئر عہدیدارنے ’’اے پی پی ‘‘ کو بتایا کہ ملک کے اسلامی مالیاتی شعبے کی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے اور یکم جولائی 2025 سے 18 فروری 2026 تک شریعت کے مطابق سرمایہ کاری کی …

اسلام آباد۔19فروری (اے پی پی):سنٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز (سی ڈی این ایس) نےاسلامی مالیات کے تحت جاری مالی سال کے دوران 24ارب روپے کی بچتیں حاصل کرلی ہیں ۔سی ڈی این ایس کے ایک سینئر عہدیدارنے ’’اے پی پی ‘‘ کو بتایا کہ ملک کے اسلامی مالیاتی شعبے کی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے اور یکم جولائی 2025 سے 18 فروری 2026 تک شریعت کے مطابق سرمایہ کاری کی مد میں 24 ارب روپے کی بچتیں حاصل کی گئی ہیں ، سی ڈی این ایس جاری مالی سال کے لیے مقررہ 25 ارب روپے کے سالانہ ہدف کے قریب پہنچ گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ کامیابی پاکستان کے بدلتے ہوئے مالیاتی منظرنامے میں بلا سود بچت سکیموں پر سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاس ہے اورمالی سال کے وسط تک اسلامی مالیات کے سالانہ ہدف کا تقریباً 94 فیصد حاصل کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مالی سال کے دوران ہم نے اسلامی مالیات پر اپنی توجہ دوبارہ مرکوز کر دی ہے جس سے پاکستان کی اسلامی معیشت کی پائیدار ترقی کو تقویت ملنے کی توقع ہے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اسلامی مالیات کے تحت بچتوں میں اضافے کی بنیادی وجوہات میں اسلامی بانڈز اور شریعت کے مطابق بچت سرٹیفکیٹس کا اجراء شامل ہے جس نے حلال منافع کے خواہاں سرمایہ کاروں کو متوجہ کیا اور ساتھ ہی قومی بچت میں بھی اضافہ کیا۔

گزشتہ مالی سال کے دوران ادارے نے اسلامی سرمایہ کاری میں 24 ارب روپے کا ہدف کامیابی سے حاصل کیا تھا جبکہ مالی سال24-2023 میں سی ڈی این ایس نے صرف اسلامی بانڈز کے ذریعے تقریباً 75 ارب روپے جمع کیے، جس سے شریعت کے مطابق مصنوعات کے فروغ اور ادارہ جاتی اصلاحات کی بنیاد مضبوط ہوئی۔اسلامی مالیات عالمی مالیاتی نظام کا ایک اہم جزو بن چکی ہے اور کئی بڑی معیشتوں میں نمایاں حصہ رکھتی ہے۔

پاکستان میں اسلامی مالیاتی آلات کے فروغ کی کوششیں مالیاتی مصنوعات میں تنوع پیدا کرنے، بچت کے رجحان کو فروغ دینے اور معاشی استحکام کو مضبوط بنانے کے وسیع تر اہداف سے ہم آہنگ ہیں۔اسلامی مالیات کے علاوہ سی ڈی این ایس نے مجموعی بچتوں کے حصول میں بھی نمایاں کارکردگی دکھائی ہے۔ 15 فروری 2025 تک ادارہ جاری مالی سال کے لئے765 ارب روپے کی بچتیں حاصل کرچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ادارے میں اصلاحات کا سلسلہ بھی جاری ہے، ان اصلاحات کا مقصد آپریشنل استعداد کو بہتر بنانا، ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو تیز کرنا اور بدلتی ہوئی مارکیٹ ضروریات کے مطابق نئی اور جدید بچت سکیمیں متعارف کرانا ہے۔