او جی ڈی سی کے خالص منافع میں جاری مالی سال کی پہلی ششماہی میں سالانہ بنیادوں پر 11 فیصد کمی

اسلام آباد۔23فروری (اے پی پی):آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی ( او جی ڈی سی) کے خالص منافع میں جاری مالی سال کی پہلی ششماہی میں سالانہ بنیادوں پر 11 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ کمپنی کی جانب سے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جمع کردہ مالیاتی اعدادوشمار کے مطابق پہلی ششماہی میں او جی ڈی سی ایل کو 73.019 ارب روپے کا خالص منافع حاصل ہوا جو گزشتہ مالی …

اسلام آباد۔23فروری (اے پی پی):آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی ( او جی ڈی سی) کے خالص منافع میں جاری مالی سال کی پہلی ششماہی میں سالانہ بنیادوں پر 11 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ کمپنی کی جانب سے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جمع کردہ مالیاتی اعدادوشمار کے مطابق پہلی ششماہی میں او جی ڈی سی ایل کو 73.019 ارب روپے کا خالص منافع حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 11 فیصد کم ہے۔

گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں کمپنی کو 82.45 ارب روپے کا خالص منافع حاصل ہوا تھا۔ پہلی ششماہی میں کمپنی کی فی حصص آمدنی 16.98 روپے ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 19.17 روپے تھی۔ پہلی ششماہی میں کمپنی نے ٹیکسوں کی مد میں 37.84 ارب روپے کی ادائیگیاں کیں۔

اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں کمپنی کو 34.71 ار ب روپے کا خالص منافع حاصل ہوا جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 16 فیصد کم ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں کمپنی کو 41.43 ارب روپے کا خالص منافع حاصل ہوا تھا۔ دوسری سہ ماہی میں کمپنی کی فی حصص آمدنی 8.07 روپے رہی جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 9.63 روپے تھی۔ دوسری سہ ماہی میں کمپنی نے ٹیکسوں کی مد میں 14.16 ارب روپے کی ادائیگیاں کیں۔