معروف ادیب وسفر نامہ نگار مستنصر حسین تارڑ کی سالگرہ اتوار کو منائی گئی

اسلام آباد۔1مارچ (اے پی پی):معروف ادیب وسفر نامہ نگار مستنصر حسین تارڑ کی سالگرہ اتوار کو منائی گئی ۔مستنصر حسین تارڑ یکم مارچ1939کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے درجنوں تصانیف تحریر کیں جن میں سفر نامے اور ناول شامل ہیں ۔ انہوں نے ڈراما نگاری، افسانہ نگاری اور فن اداکاری میں بھی اپنی مہارتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔ مستنصر حسین تارڑ کا شمار پاکستان کے سب سے زیادہ پڑھے …

اسلام آباد۔1مارچ (اے پی پی):معروف ادیب وسفر نامہ نگار مستنصر حسین تارڑ کی سالگرہ اتوار کو منائی گئی ۔مستنصر حسین تارڑ یکم مارچ1939کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے درجنوں تصانیف تحریر کیں جن میں سفر نامے اور ناول شامل ہیں ۔ انہوں نے ڈراما نگاری، افسانہ نگاری اور فن اداکاری میں بھی اپنی مہارتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔ مستنصر حسین تارڑ کا شمار پاکستان کے سب سے زیادہ پڑھے جانے والے ادیبوں میں ہوتا ہے۔ان کا بچپن بیڈن روڈ پر واقع لکشمی مینشن میں گزرا جہاں ان کے پڑوسی سعادت حسن منٹو تھے۔

اُنہوں نے مشن ہائی سکول رنگ محل اور مسلم ماڈل ہائی سکول میں تعلیم حاصل کی۔ انہوں نے میٹرک کے بعد گورنمنٹ کالج میں داخلہ لیا اور ایف اے کے بعد برطانیہ اور یورپ کے دوسرے ممالک کا رخ کیا جہاں فلم، تھیٹر اور ادب کو نئے زاویے سے سمجھنے اور پرکھنے کا موقع ملا۔ پانچسال بعد ٹیکسٹائل انجنئیرنگ کی تعلیم مکمل کرکے وطن واپس لوٹے۔انہوں نے ٹی وی ڈراموں میں کام کیا اورمتعدد سفر بھی کیے ہیں ۔ مستنصر حسین تارڑ نے 20 سے زائد سفر نامے تحریر کئے جبکہ ان کے کالم مختلف اخبارات میں شائع ہوتے ہیں۔

انہوں نے بہاؤ، راکھ، خس و خاشاک زمانے ، اے غزال شب اور منطق الطیرجیسے شہرہ آفاق ناول تخلیق کیے۔ناول اور سفرناموں کے علاوہ مستنصر حسین تارڑ نے ڈرامے بھی تحریر کیے جن میں قابل ذکر شہپر، ہزاروں راستے، پرندے ،سورج کے ساتھ ساتھ، ایک حقیقت ایک افسانہ، کیلاش اور فریب شامل ہیں۔اس کے علاوہ وہ ٹی وی پروگراموں کی میزبانی بھی کرتے رہے ہیں۔

پی ٹی وی نے جب پہلی مرتبہ 1988میں صبح کی نشریات صبح بخیر کے نام سے شروع کی تو مستنصر حسین تارڑ نے ان نشریات کی کئی سال تک میزبانی کے فرائض سر انجام د یئے اور ریڈیو پروگرام کی بھی میزبانی کی ۔

مستنصر حسین تارڑ کو متعدد انعامات اور اعزازات سے بھی نوازا جا چکا ہے جن میں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی، پی ٹی وی ایوارڈ اورلائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سرفہرست ہیں۔ ان کی سالگرہ کے موقع پر علمی، ادبی حلقوں ، شو بز انڈسٹری اور صحافی برادری کی جانب سے ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

مزید خبریں